Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کی امارات کے سفیر سے ملاقات، اقتصادی تعلقات بڑھانے پر غور

وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا (فوٹو: یو اے ای سفارت خانہ)
پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے آج فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
بدھ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات کا اشتراک کیا اور دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پیٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں منسلک ہیں، تاہم ابھی بھی بہت زیادہ گنجائش اور صلاحیت موجود ہے۔ وزیر خزانہ نے اس ضمن میں ان مختلف شعبوں پر بھی روشنی ڈالی جن میں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔‘
’ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ امارات موجودہ حکومت کی ملک کی ترقی پر مبنی اقتصادی پالیسیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس بات کا اظہار کیا کہ امارات پاکستان میں معیشت کے نئے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔‘
پریس ریلیز کے مطابق ’دونوں اطراف نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات اور ان کی امارات کی قیادت سے ملاقاتوں پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ان ملاقاتوں میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔‘
وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کا یقین دلایا۔

شیئر: