Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان: الیکشن کمیشن آفس میں ہنگامہ آرائی پر پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر گرفتار

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے آفس میں توڑ پھوڑکی گئی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں الیکشن کمیشن آفس میں مبینہ ہنگامہ آرائی پر پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو گرفتار کر لیا ہے۔
مسلم لیگ ن کا دعویٰ ہے کہ ان کے مقامی راہنما رانا محمودالحسن کو بھی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا ہوا اور الیکشن کمیشن آفس میں توڑ پھوڑ کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان ملتان کے مطابق الیکشن کمیشن آفس ملتان میں توڑ پھوڑ پرصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے نوٹس لیا اورسی پی او ملتان کوکاروائی کی ہدایت کی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ابھی الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیلم اختر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے رپورٹ فوری جمع کروانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے آفس میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی گئی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گی۔ جو لوگ ملوث ہیں ہم ان کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں۔
سلیم اختر کے مطابق  موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کے دن سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی اور خصوصی پلان بنا رہے ہیں کہ امن و امان کو برقرار رکھا جائے۔
خیال رہے کہ  بدھ کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر، ن لیگ کے طارق رشید اور سینیٹر رانا محمود الحسن کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئے تو ان کے ساتھ آنے والے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔
دونوں طرف سے چور چور چور کے نعرے گونچتے رہے نعرے بازی تلخ کلامی اور پھر لڑائی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق  ہنگامہ آرائی کے دوران الیکشن کمیشن آفس میں بھی شیشے اور فرنیچر کو نقصان پہنچا جس پر الیکشن کمیشن حکام کی ہدایت پر پولیس نے دونوں فریقین کے خلاف کارروائی کی ہے۔

شیئر: