Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رشتے میں پیار سب سے اہم،‘ سعودی جوڑوں کا ویلنٹائنز ڈے پر پیغام

عرب نیوز نے جوڑوں سے پوچھا کہ اُن کی پیار بھری شراکت کا راز کیا ہے؟ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ویلنٹائنز ڈے سے پہلے کئی جوڑوں میں پیار کا احساس جاگا اور پھر انہوں نے اپنی زندگیاں مشترکہ پیار، عزت اور تعریف پر قائم کیں۔
عرب نیوز نے جوڑوں سے پوچھا کہ اُن کی پیار بھری شراکت کا راز کیا ہے؟
افلاطون اور ارسطو کے زمانے سے فلسفے نے پیار کے مختلف نظریات دیے اور یہ بھی بتایا کہ لمبے عرصے تک ساتھ رہنا ایک خوشگوار عمل ہے لیکن اس کے لیے محنت درکار ہے۔
بہت سے لوگوں کے لیے یہ کام بہت محنت طلب ہے تاہم کچھ کے نزدیک ہلکی سی توجہ سے بھی رشتے میں مثبت فرق پیدا ہوسکتا ہے۔
عرب نیوز نے شادی شدہ جوڑوں سے پوچھا کہ ایسی کون سی چیز ہے جس سے اُن میں پیار قائم رہتا ہے اور اُن کے دل ایک دوسرے کے لیے دھڑکتے ہیں۔
اکتیس سالہ معاذ عزیز اور 28 سالہ لولوا الغامدی 2017 سے ساتھ شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں۔ اس حوالے میں الغامدی کہتی ہیں کہ ’میرے خیال میں دوستی اور رحم دلی شادی کا سب سے اہم جزو ہیں۔ کسی ایسے انسان کے ساتھ رہنا جس کے ساتھ آپ ہنس سکیں، رقص کر سکیں اور انہیں اپنے پاس پا سکیں۔ اس رشتے میں کوئی بات چھپی نہیں ہونی چاہیے۔ زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں لیکن اس دوران اگر کوئی دوست (جیون ساتھی) جس پر بھروسہ ہو اور مدد کرنے والا ہو تو یہ انمول بات ہے۔‘
معاذ عزیز کہتے ہیں کہ ’اپنے لیے ناشتہ بنانے کے بجائے آپ دونوں کے لیے ناشتہ بنائیں۔ ایک آئس کریم خریدنے کی بجائے آپ دو خریدیں اور وہ آئس کریم خریدیں جس کا فلیور آپ کی شریک حیات کو پسند ہو۔ ہاں، آپ کو رات کے وقت اے سی کے ٹمپریچر پر اختلاف ہو سکتا ہے یا پھر چینی اور چائے کو جگہ پر نہ رکھنے پر بھی ناراضی ہو سکتی ہے لیکن یہ سب حل ہو جاتا ہے۔ یہ تب ہوتا ہے جب آپ شفاف ہوں اور ایک دوسرے کی قدر کرتے ہوں۔‘
ویداد الاحمد جو کہ گزشتہ 33 سالوں سے شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ’اپنے شریک حیات کی سوچ کو سمجھنا، ان سے امید لگانا اور متاثر ہونا نہایت اہم ہے۔ ایک اچھی شادی عزت، دیانت داری اور ایک دوسرے کے اختلافات کو سمجھنے پر قائم رہتی ہے۔‘
غسان عبدالعدھیم اور شادی البیت کے مطابق کامیاب شادی ایک دوسرے سے بات چیت اور دوستی کی محتاج ہے۔

 خوشحال شادی کا راز گہری دوستی ہے جو کہ ہر روز بڑھتی جائے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

غسان عبدالعدھیم کہتے ہیں کہ ’شادی با برکت اور کامیاب تب ہوگی جب پیار اور کشش شادی کے بعد دوستی میں تبدیل ہوجائیں گے۔ جہاں برداشت اور ایک دوسرے کو قبول کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کے اختلافات پر خوش رہنا ہوگا، ایک دوسرے کو راز بتانا اور بات چیت کرنا بہت ضروری ہیں۔‘
شادی البیت جو کہ چار بیٹیوں کی والدہ بھی ہیں اپنے شوہر کی بات سے متفق ہو کر کہتی ہیں کہ ’خوشحال شادی کا راز گہری دوستی ہے جو کہ ہر روز بڑھتی جائے۔ اپنے حقوق اور ذمہ داریوں میں بھروسہ اور برابری بھی اِسی کا جزو ہے۔‘
فوٹوگرافرز وہ لوگ ہیں جو شادی کے دوران ہر قسم کے لمحات کو دیکھتے ہیں اور پیار بھرے لمحات اور جذبات کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرلیتے ہیں۔ بہت سے جوڑوں کے لیے شادی والے دن کا انتظار اور جوش شادی کے روز ختم ہو جاتا ہے۔ فوٹوگرافرز شادی پر آئے مہمانوں اور انتظامات سمیت ہر چیز پر نظر رکھتے ہیں۔
تسنیم السلطان مملکت میں گزشتہ ایک دہائی سے مقامی شادیوں پر فوٹوگرافی کرتی رہی ہیں۔ جب اُن کے بارے میں مشہور ہوا کہ وہ برائیڈل شوٹ بہت تخلیقی اور خوب صورت طریقے سے کرتی ہیں تو اُس کے بعد ان کا کام پوری مملکت سمیت بین الاقوامی سطح تک پھیل گیا۔

تسنیم السلطان مملکت میں گزشتہ ایک دہائی سے مقامی شادیوں پر فوٹوگرافی کرتی رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’ایک بہترین شادی شاید ایک افسانہ ہو سکتی ہے اور شادی کرنے والے جوڑے کو اس بات پر لبھا سکتی ہے کہ وہ شادی والے دن سے آگے کا سوچیں اور وہ پیار ڈھونڈیں جو ان کے لیے بہتر ہو۔ اس بات پر زور ہونا چاہیے کہ کیسے مستقبل میں وہ دونوں ایک صحت مند خوشحال زندگی گزار سکتے ہیں۔‘
شادی کی تقریبات کو کیمرے میں اتارنے والی تسنیم جب پیار کی بات کر رہی تھیں تو ان کی آنکھوں میں خوشی جھلک رہی تھی۔ انہوں نے پیار کے معاملے پر کبھی ہار نہیں مانی۔ چاہے ان کی شادی کامیاب نہ ہو سکی لیکن وہ اپنی تصاویر کے ذریعے محبت کو قید کرنا چاہتی ہیں چاہے وہ جوڑے کے درمیان رومانس ہو یا والدین اور دوستوں کی باہمی محبت ہو۔
ان کی ہر تصویر ہزاروں الفاظ کی نمائندگی کرتی ہے اور محبت کے لاکھوں زاویوں کو بتاتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ’کیا آپ ابھی بھی پیار پر یقین رکھتی ہیں؟‘
اس کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’جی، ہمیشہ۔‘

شیئر: