Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا شامی زلزلہ زدگان کے لیے مزید پچاس ملین ڈالر کا اعلان

شام سے متعلق اقوام متحدہ کی اپیل پر مزید امداد کا اعلان کیا گیا ہے( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے شامی زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے مزید پچاس ملین ڈالر کا حکم جاری کیا ہے۔
اماراتی خبررساں ایجنسی وام  کے مطابق امدادی رقم میں سے 20 ملین ڈالر انسانیت نواز سکیموں پر خرچ کیے جائیں گے۔ شام سے متعلق اقوام متحدہ کی اپیل پر امداد دی جارہی ہے۔ 
یاد رہے کہ اماراتی صدر نے اس سے قبل بردار ملک شام کے زلزلہ زدگان کے لیے پچاس ملین ڈالر اوراتنی ہی رقم دوست ملک ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے جاری کی تھی۔
 امارات زلزلہ زدگان کے لیے مسلسل امدادی طیارے بھیج رہا ہے۔ آ اب تک 70 طیاروں کے ذریعے ترکیہ اور شام امدادی سامان بھیجا جاچکا ہے۔
ان میں سے 38 طیارے شام بھیجے گئے جن پر 1.243 ٹن سامان لدا ہوا تھا۔ کھانے پینے کی اشیا، ادویہ، طبی سامان اور تقریبا 20 ہزار افراد کی رہائش کے لیے 2893 خیمے تھے۔ 42 افراد پر مشتمل امدادی ٹیم بھی بھیجی گئی ہے۔ 
امارات نے ترکیہ کے لیے 32 طیاروں کے ذریعے امدادی سامان بھجوایا۔ جن میں کھانے پینے کی اشیا، طبی آلات  کے علاوہ 5 ہزار افراد کی رہائش کے لیے927 خیمے بھی تھے۔
علاوہ ازیں اصلاحیہ علاقے میں50 بستروں پرمشتمل فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔ طبی عملے میں 75 ڈاکٹر،نرسیں اور معاون طبی عملہ شامل ہے۔
ھاتائی نامی علاقے میں ایک اور ہسپتال کھولا گیا ہے جو 200 بستروں پر مشتمل ہے۔  امارات نے ترکیہ کے لیے 92 افراد پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی روانہ کی ہے۔

شیئر: