Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ

زلزلے کی تباہی سے ترکیہ اور شام میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف آج ترکیہ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور ریسکیو ٹیموں اورزلزلہ سے بچ جانے والے افراد سے ملاقات بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جانے سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ ’پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے لیے غیرمتزلزل یکجہتی اور حمایت کے پیغام کے ساتھ ترکیہ کے لیے روانہ ہو رہا ہوں۔ دو ریاستوں میں رہنے والی ایک قوم کے جذبے کے ساتھ ہم ان کے نقصان کو اپنا سمجھتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے جیسے زلزلے سے کسی ایک حکومت کے لیے نمٹنا مشکل ہے۔
’کوئی بھی ملک خواہ کتنے ہی وسائل رکھتا ہو، اس شدت کی تباہی سے نمٹ نہیں سکتا۔ یہ وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور دکھی انسانیت کی مدد کرے۔‘
چھ فروری کو زلزلہ کے آنے بعد وزیراعظم نے ترک صدر سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی اور ریسکیو اور بحالی کے لیے ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی کروائی تھی۔
آٹھ فروری کو وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار ہمدردی کے لیے ترکیہ کا دورہ کرنا تھا تاہم یہ دورہ بعد میں منسوخ ہوا۔
پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے لیے امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
بدھ کو بھی پاکستان نے پی آئی اے کے جہاز کے ذریعے زلزلہ متاثرین کے لیے ترکیہ سردیوں سے بچانے والے 6.7 ٹن وزنی خیموں کی ایک اور کھیپ بھیجی ہے۔
بدھ ہی کو ہی 20 افراد پر مشتمل ریسکیو اور طبی عملہ شام بھیجا گیا تھا۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے کی تباہی سے 41 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہیں۔
 

شیئر: