Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے ہرا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے ہرا دیا۔
کراچی کے نیشنل بینک ایرینا سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے لیے مفید ثابت ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 221 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی۔ مارٹن گپٹل کو فضل حق فاروقی نے صفر پر بولڈ کر دیا۔
ان کے بعد جیس روئے ابھی پانچ رنز ہی بنا پائے تھے کہ ابرار احمد نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ول سمیڈ کو ابرار احمد نے 17 رنز کے بعد بولڈ کیا۔
محمد حفیظ نے 48 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، لیکن وہ نصف سینچری بنانے سے پہلے ہی فضل حق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد 41 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔
ان کے بعد محمد نواز آئے مگر وہ صرف ایک رن ہی بنا پائے تھے کہ انہیں شاداب نے آؤٹ کر دیا۔ حسن علی اوڈین سمتھ کو صفر آؤٹ کیا۔ افتخار احمد نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے لیکن انہیں بھی حسن علی نے آؤٹ کیا۔ ان کے بعد نسیم شاہ کو حسن علی نے صفر پر بولڈ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز  فضل حق اور حسن علی نے تین، تین، جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گر گئی۔ رحمن اللہ گرباز آٹھ رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
ان کے بعد ریسی وین ڈرڈوسن ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے اور صرف ایک رن ہی بنایا تھا کہ انہیں بھی محمد حسنین نے بولڈ کر دیا۔ کپتان شاداب خان بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 12 رنز بنانے کے بعد اوڈین سمتھ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
چوتھی وکٹ کولن منرو کی گری جنہوں نے 38 رنز بنائے لیکن ایمل خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔  اعظم خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 97 رنز بنائے، لیکن سینچری مکمل کرنے سے پہلے آخری گیند پر بولڈ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز محمد حسنین اور اوڈین سمتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز محمد حسنین اور اوڈین سمتھ نے دو، دو، جبکہ ایمل خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو میں اسے کامیابی ملی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو چار میچ میں سے صرف ایک میں ہی کامیابی مل سکی ہے، جبکہ تین میں اسے شکست ہوئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ
 شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، رحمٰن اللہ گرباز، ریسی وین ڈرڈوسن، اعظم خان (کپتان)، آصف علی، مبشر خان، فہیم اشرف، ٹام کیوران، حسن علی اور رمان رئیس۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
سرفراز احمد (کپتان)، جیسن روئے، ول سمیڈ، مارٹن گپٹل، محمد نواز، سرفراز احمد، افتخار احمد، محمد حفیظ، اوڈین سمتھ، ایمل خان، محمد حسنین اور نسیم شاہ۔

شیئر: