Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہت بُرا مار رہے ہیں،‘ فخر زمان اور عبداللہ شفیق پشاور کو بھاری پڑ گئے

فخر زمان نے 45 گیندوں پر 96 رنر کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو مقررہ 20 اوورز میں 242 رنز کا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلنے جانے والے میچ کی پہلی اننگز میں لاہور قلندرز کی جانب سے بنایا گیا سکور پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا سب سے بڑا مجموعی سکور ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 2021 میں پشاور زلمی کے ہی خلاف 247 رنز بنا چکی ہے جبکہ اس سے پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 245 رنز بنائے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے آج کے میچ میں فخر زمان نے 45 گیندوں 10 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق نے پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
سوشل میڈیا پر لاہور قلندرز کے دونوں بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ پر ان کی تعریفوں کے پُل باندھے جا رہے ہیں۔
سپورٹس رپورٹر فیضان لاکھانی کے مطابق فخر زمان نے 10 چھکے مار کر پی ایس ایل میں کامران اکمل کا سب سے زیادہ 89 چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔
فخر زمان کے فلک شگاف چھکوں سے کرکٹ شائقین اتنے متاثر نظر آئے کہ بہرام قاضی نے لکھا ’اگر آپ قذافی سٹیڈیم میں ہیں تو ہیلمٹ پہن لیں کیونکہ وہ آج کسی کو بخشنے کے موڈ میں نہیں۔‘
بکرم پرتاپ سنگھ نے لکھا کہ فخر زمان اور عبداللہ شفیق پشاور زلمی کے بولرز کو ’بہت بُرا مار رہے ہیں یار۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بولنگ پشاور زلمی کی کمزوری ہے اور اس کی قیمت انہیں پی ایس ایل کے اگلے مرحلے میں جگہ کھونے کی صورت میں چکانی پڑ سکتی ہے۔‘
عمار خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’عبداللہ شفیق صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں سب سے بڑا ٹیلنٹ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’عبداللہ شفیق برسوں تک کرکٹ کے کھیل پر حکمرانی کریں گے اور یہ سب دیکھنے کے لیے ہم سامنے کی نشستوں پر بیٹھے ہوں گے۔‘

شیئر: