Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سونے کے زیورات کی خریداری کیوں بڑھ گئی؟

گولڈ مارکیٹ میں مسلسل چار ہفتوں سے سونے کے نرخ کم ہو رہے ہیں (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ امارات کی گولڈ مارکیٹ میں مسلسل چار ہفتوں سے سونے کے نرخ کم ہو رہے ہیں۔ مختلف قیراط کے ایک گرام سونے میں 15.25 درہم تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ’دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں شوروم مالکان کا کہنا ہے کہ ’حالیہ دنوں میں زیورات کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے لیکن سب جگہ اور ہر روز یکساں نہیں ہے۔‘
’مقامی شہری، مقیم غیرملکی اور سیاح زیورات کی خریدار ی اپنے مقاصد کے تحت کر رہے ہیں۔ سب سے کم سونا مقیم غیرملکیوں نے خریدا تاہم سیاح زیورات کی خریدار ی کر رہے ہیں۔‘
امارات میں کانفرنسوں اور نمائشوں مں شرکت کے لیے آنے والے سونے کے نئے سیٹ خریدنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ اپنے گھر والوں کے لیے سونے کے زیورات تحفے کے طور پر لے کر جا رہے ہیں۔
ایک شو روم کے منیجر نے بتایا کہ ’سونے کے نرخوں میں مسلسل کمی صارفین کو زیورات خریدنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ امید ہے آئندہ سونے کی طلب میں اضافہ ہو گا۔‘
بتایا گیا ہے کہ ’24 قیراط ایک گرام سونے کی قمیت 220 درہم ہو گئی ہے گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں ایک درہم کی کمی واقع ہوئی ہے۔‘
بائیس قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 203.75 درہم، 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 197.25 درہم اور 18 قیراط ایک گرام کی قیمت 169 درہم ہے۔

شیئر: