Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیریکن ایئرلائنز کی پرواز میں مسافر پر پیشاب، انڈین طالب علم پر پابندی عائد

دہلی ایئرپورٹ پولیس نے متعلقہ مسافر کے خلاف قانوی کارروائی شروع کر دی ہے۔ (فوٹو: اے پی)
نیویارک سے دہلی جانے والی امریکہ کی ایک نجی ایئرلائن میں ساتھی مسافر پر پیشاب کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد انڈین طالب علم کے سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انڈین ٹیلی ویژن این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیچر کو 21 سالہ آریا ووہرا نے نشے کی حالت میں ایک مسافر پر پیشاب کر دیا تھا جس کے بعد امیریکن ایئر لائنز نے انڈین شہری کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آریا ووہرا امریکہ کی ایک یونیورسٹی میں طالب علم ہیں جو نیویارک سے نیو دہلی جانے والی پرواز اے اے 292 میں سفر کر رہے تھے۔
امیریکن ایئر لائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جے ایف کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے چلنے والی پرواز جب اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر پہنچی تو خلل پیدا کرنے والے مسافر سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے انڈین اہلکار موقع پر موجود تھے۔
ایئر لائن نے بیان میں کہا کہ آئندہ مسافر کو ان کی فلائٹ میں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیان کے مطابق ’طیارہ پہنچنے پر عملے نے آگاہ کیا کہ مسافر شدید نشے کی حالت میں ہے اور کریو کی بات نہیں مان رہا۔ وہ عملے کے ساتھ مسلسل بحث کر رہا ہے، سیٹ پر بیٹھنے کو تیار نہیں، عملے اور جہاز کا تحفظ خطرے میں ہے۔ ساتھی مسافروں کے سکون میں خلل پیدا کرنے کے بعد سیٹ نمبر 15 جی پر بیٹھے ہوئے شخص پر پیشاب کیا۔‘
امیریکین ایئرلائنز کے پائلٹ نے لینڈ کرنے سے پہلے دہلی کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور سکیورٹی کا مطالبہ کیا۔
دہلی ایئرپورٹ پر موجود ایک افسر نے انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ  انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں نے متعلقہ شخص کو جہاز سے نکالا۔
ایئرپورٹ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مسافر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
نومبر میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایئر انڈیا کی پرواز میں شنکر مشرا نامی شخص نے نشے کی حالت میں 70 سالہ خاتون پر پیشاب کیا تھا۔

شیئر: