Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سونے کے نرخوں میں چار درہم فی گرام  تک کمی ریکارڈ

قیمت میں کمی کے باوجود زیورات کی خریداری محدود ہے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ہفتے کے اختتام پر سونے کے نرخوں میں چار درہم فی گرام  تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
امارات الیوم کے مطبق دبئی اور شارجہ میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس ہفتے کے آخر میں 3.25 سے 4 درہم کی کمی ہوئی ہے۔
دبئی اور شارجہ میں زیورات کے شو رومز کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ’سونے کے نرخوں میں ہونے والی حالیہ کمی کا فائدہ محدود رہا ہے۔ لگتا ہے کہ صارفین سونے کے نرخوں میں مزید کمی کے انتظار میں ہیں۔‘
ایک شو روم کے مینیجر نے کہا کہ ’سونے کے نرخوں میں کمی کا اچھا اثر پڑا ہے۔ زیورات کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے تاہم ابھی تک خریداری محدود ہے۔‘
’ایسا لگتا ہے کہ زیورات کی خریداری کے لیے زیادہ کمی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ نرخوں میں کمی کے باوجود سونے کے سکوں کی طلب ابھی محدود ہے۔‘ 
دبئی میں ایک شوروم کے مینیجر کا کہنا ہے کہ ’نئے زیورات کی طلب میں معمولی سی بہتری ہوئی ہے تاہم صرف سیاح ہی زیورات خرید رہے ہیں‘۔
ایک اور شو روم کے مینیجرکے مطابق ’سونے کے نرخوں میں حالیہ کمی نے محدود حلقے کو زیورات کے تحائف خریدنے پر راغب کیا ہے۔‘
24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 4 درہم کی کمی سے 220.75 درہم ہو گئی جبکہ 22 قیراط ایک گرام کے نرخ 3.75 کی کمی سے 204.05 درہم ہو گئے۔ 21 قیراط ایک گرام سونا 198 درہم میں دستیاب ہے۔ قیمت میں 3.05 قیمت کم ہوئی ہے۔ 18 قیراط ایک گرام سونے کی قمیت 3.25 درہم کی کمی کے بعد 179.75 درہم تک آ گئی ہے۔

شیئر: