Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارٹی کو وہ لوگ نقصان پہنچا رہے ہیں جو اعلیٰ عہدوں پر ہیں: اقبال ظفر جھگڑا

اقبال ظفر جھگڑا نے کہا اگر شہباز شریف سے ملتے ہیں تو یہ تاثر اٹھے گا کہ ہم نواز شریف کے خلاف ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ پارٹی کے نظریاتی ورکرز کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
اقبال ظفر جھگڑا نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پارٹی کو وہ لوگ نقصان پہنچا رہے ہیں جو اس وقت اعلٰی عہدوں پر براجمان ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ پرانے ورکرز اوپر آئیں اس لیے موجودہ صوبائی قیادت کو ہٹانا چاہیے۔‘
اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا ہے کہ نظریاتی گروپ کا ہرگز مقصد نہیں کہ اپنی جماعت کو الیکشن میں نقصان پہنچائیں۔ ’ہمارا لیڈر اور قائد میاں نواز شریف ہے اور رہے گا۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ ہم نے اس لیے آواز اٹھائی ہے کہ ہمیں نظرانداز کیا گیا۔
’ہم بھی اس پارٹی کے ورکرز ہیں۔ پارٹی کے نظریاتی ورکرز اور عہدیدار سب کو دیوار سے لگایا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کی طرف سے ہم سے رابطہ ہوا ہے لیکن دوسری جانب پارٹی رہنما عبدالسبحان خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے جو کہ افسوس ناک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سابق وفاقی وزیر اور سابق ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ عباسی کو انہوں نے ہی سیاست میں متعارف کرایا، ان کے لیے بہت کچھ کیا تھا۔‘
 لیگی رہنما اقبال ظفر جھگڑا کے مطابق اگر ’اس وقت وہ شہباز شریف سے ملتے ہیں تو یہ تاثر پیدا ہو گا کہ ہم نواز شریف کے خلاف ہوگئے ہیں۔ اس لیے ہم ایسا کوئی قدم اس وقت نہیں اٹھانا چاہتے ہیں۔‘
اگر میاں نواز شریف وطن واپس آ جائیں تو ہماری بات مانی جائے گی۔ لیکن کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ نواز شریف واپس آئیں۔‘
اقبال ظفر جھگڑا کے مطابق اگر میاں صاحب واپس آ گئے تو سب پرانے لوگ اہم عہدوں پر آ جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے ناراض رہنماؤں کے گروپ (نظریاتی گروپ) کا اجلاس پشاور جھگڑا ہاؤس میں منعقد ہوا تھا جس میں سابق گورنر اور وزیراعلٰی سردار مہتاب عباسی اور سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے تھے۔
اجلاس میں تمام ناراض رہنماؤں نے صوبائی صدر امیر مقام کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

شیئر: