Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: تلاوتِ قرآن کے مقابلے میں ہالی وُڈ سکرپٹ رائٹر کی شرکت

یاسر عمر شاہین ٹیکساس کی مساجد میں مسلمان بچوں کو قرآن کی تعلیم دیتے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ہالی وڈ فلم اور ٹیلی ویژن سکرپٹ رائٹر فلسطینی نژاد امریکی شہری یاسر عمر شاہین نے بین الاقوامی قرآن خوانی اور اذان کے مقابلے میں بطور امیدوار حصہ لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یاسر عمر شاہین نے اپنی خوبصورت آواز میں قرآن کی تلاوت کی۔
شو ’عطر الکلام‘ سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی نگرانی میں جاری ہے۔
یہ ایم بی سی ون اور دی شاہد ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر نشر ہو رہا ہے۔ مقابلے میں حصہ لینے والوں کے لیے 12 ملین سعودی ریال (32 لاکھ ڈالرز) کا انعام مختص کیا گیا ہے۔
یاسر عمر شاہین کا کہنا ہے کہ ’میری زندگی قرآن پاک کو حفظ کرنے اور تلاوت کرنے اور ہالی وڈ سکرپٹ لکھنے کے گرد گھومتی ہے۔ میں نے 130 سے زائد پروگراموں کی پروڈکشن کی نگرانی کی۔ 14 دستاویزی فلمیں بنائیں اور عرب اور اسلامی ممالک کے ٹی وی چینلز پر کئی شوز کے لیے کام کیا۔‘
یاسر عمر شاہین ٹیکساس کی مساجد میں مسلمان بچوں کو قرآن کی تعلیم دیتے ہیں۔ وہ سان جوز یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر بھی ہیں۔
’عطر الکلام‘ مقابلہ عالم اسلام کی متنوع ثقافت، قرآن کی تلاوت اور اذان دینے کے طریقوں کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ریاض میں منعقد ہونے والے اس مقابلے کے لیے ابتدائی طور پر تقریباً 165 ممالک کے 50 ہزار سے زیادہ شرکا نے آن لائن حصہ لیا تاہم صرف 50 شرکا مقابلے کا حصہ بنے۔
انتخاب کے ایک اور مرحلے میں مرکزی جیوری کی جانب سے ان 50 میں سے 32 کو مقابلے کے لیے چنا گیا۔ ہر مقابلے میں 16 شرکا ہوں گے۔

شیئر: