Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹر حارث رؤف اسلام آباد پولیس کے نئے ایمبیسیڈر، ’سارا مُوڈ خراب ہوگیا‘

فاسٹ بولر کو اسلام آباد پولیس میں اعزازی ڈی ایس پی کا رینک دیا گیا ہے (فوٹو: اسلام آباد پولیس)
دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو اپنا خیر سگالی کا ایمبیسیڈر مقرر کر دیا ہے۔
منگل کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حارث رؤف نے اپنی ٹویٹ میں اسلام آباد پولیس کے ایمبیسیڈر  بننے کی تصدیق کی۔
حارث رؤف اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’میں اس بات پر فخر محسوس کر رہا ہوں کہ مجھے اسلام آباد پولیس کا خیر سگالی ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے اور میرے لیے یہ مزید بڑا اعزاز ہے کہ میں یہ وردی پہن رہا ہوں جو ہمارے ہیرو لائن آف ڈیوٹی میں جان قربان کرتے وقت پہنتے ہیں۔‘
فاسٹ بولر کو اسلام آباد پولیس میں اعزازی ڈی ایس پی کا رینک دیا گیا ہے اور انہیں یہ اعزاز اسلام آباد پولیس کے آئی جی ناصر اکبر خان نے دیا ہے۔
حارث رؤف کرکٹ ٹیم کے اُن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں افغانستان کے خلاف یو اے ای میں کھیلی گئی ٹی20 سیریز سے آرام دیا گیا تھا۔
یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ کسی کرکٹر کو پولیس میں اعزازی رینک دیا گیا ہو۔
اس سے قبل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی خیبر پختوانخوا اور نسیم شاہ بلوچستان پولیس کی جانب سے اعزازی ڈی ایس پی کا رینک حاصل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب حارث رؤف کی اس ٹویٹ کے بعد انہیں سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے حامی اُنہیں اسلام آباد پولیس کی جانب سے جماعت پر پرتشدد کارروائیوں اور پکڑ دھکڑ کے باوجود یہ اعزازی عہدہ لینے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
شعیب تیمور نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا خیر سگالی؟ یہ بچوں کو گرفتار کرتے ہیں، نہتے لوگوں پر حملہ کرتے ہیں اور کیا کیا نہیں کرتے۔‘
وِرک شاہزیب نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماشا اللہ، آپ اب بچوں کو گرفتار کرنے کب جا رہے ہو یا ان پر آنسو گیس کب پھینکو گے؟‘
وِکی وڑائچ نے حارث رؤف سے پوچھا کہ ’پچھلے ایک سال سے اسلام آباد پولیس انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، لوگوں کو اغوا کر رہی ہے۔ 12، 15 سال کے بچوں کو اُٹھا رہی ہے۔ تشدد کر رہی ہے۔ لیکن حارث رؤف کو یہ سب نظر نہیں آیا۔ افسوس۔‘
مریم نے لکھا کہ ’یہ دیکھ کے سارا موڈ خراب ہو گیا۔‘
عائشہ اطہر نے ٹی20 ورلڈ کپ کی مثال دیتے ہوئے لکھا کہ ’سہی چھکے مارے تھے کوہلی نے اور وہ آپ کے کیریئر کا نازک وقت نہیں تھا بلکہ یہ ہے۔‘
حماد ملک نے حارث رؤف سے پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں حکم دیں کہ پی ٹی آئی کے معصوم کارکنان کو رہا کریں۔‘

شیئر: