Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاسپورٹ نہیں ملا‘، حج قرعہ اندازی میں نام آنے پر شہری پریشان

پاسپورٹ سیل کے سینیئر افسر کے مطابق پاسپورٹ بنوانے کا بیک لاگ تقریبا ڈھائی لاکھ سے زائد ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے شہر کراچی کے رہائشی راحیل حسن کا کہنا ہے کہ برسوں بعد حج ادائیگی کا ارمان اب پورا ہونے جا رہا ہے، موجودہ حالات میں نوکری پیشہ فرد کے لیے ممکن نہیں کہ گھر کی ذمہ داریاں نبھانے کے بعد اپنے لیے کچھ پیسے بچا سکیں۔
’ایسے حالات میں خوشی کی نوید سنائی دی اور پی ٹی سی ایل کی سالانہ حج قرعہ اندازی میں میرا نام نکل آیا، یہ ایک ایسا لمحہ تھا جسے میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔ سنا تھا کہ وہ اپنے در پر جس کو بلانا چاہتا ہے اس کے لیے اسباب بھی خود ہی پیدا کرتا ہے اور میں نے دیکھ لیا کہ بلاوے کے لیے وسائل کی ضرورت نہیں پڑتی۔‘
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے راحیل حسن کا کہنا ہے کہ ’جب قرعہ اندازی میں نام آیا تو فوری طور پر پاسپورٹ بنانے کے لیے درخواست کراچی صدر پاسپورٹ آفس میں جمع کروائی۔ پاسپورٹ سیل جنوبی کی لائن میں کافی رش تھا اور تین گھنٹے بعد نمبر آیا اور تمام قوائد و ضوابط پورے کرنے کے بعد پاسپورٹ کی درخواست دائر کی۔‘
’پاسپورٹ آفس کی جانب سے 20 مارچ کو پاسپورٹ فراہم کرنےکا کہا گیا تھا لیکن اپریل کی چار تاریخ ہونے کے باوجود پاسپورٹ نہیں مل سکا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ جب بھی پاسپورٹ آفس جائیں تو وہاں پاسپورٹ وصول کرنے والوں کی ایک طویل قطار ہوتی ہے۔ قطار میں گھنٹے دو گھنٹے کے بعد باری آتی ہے اور معلوم کرنے پر کہا جاتا ہے کہ ابھی تک پرنٹنگ سے پاسپورٹ نہیں آیا ہے۔
کراچی پاسپورٹ آفس کے باہر پاسپورٹ بنانے والے ایجنٹ رشید فاروقی نے بتایا کہ اس وقت پاسپورٹ بنوانا ایک مشکل ترین کام ہوگیا ہے۔
گزشتہ تین ماہ سے اتنے لوگ پاسپورٹ آفس آ رہے ہیں کہ سمجھ نہیں آرہا کہ ایسا کیا ہوگیا کہ ہر بندے کو ہی پاسپورٹ بنوانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ماضی میں ایک روز میں 3 سے 4 کلائنٹ مل جاتے تھے تو وہ دن اچھا گزرتا تھا۔ اب تو صورتحال یہ ہے کہ لوگوں کو منع کرتے ہیں کہ ہم پروسس نہیں کروا سکتے۔ کیونکہ 25 سے 30 لوگوں کا روز پروسس کروانا آسان نہیں ہے۔ پاسپورٹ آفس کا عملہ پہلے خیال کر لیا کرتا تھا، لیکن اب رش ہونے کی وجہ سے وہ بھی مجبور ہے اور ہمارے ساتھ تعاون کرنے کو تیار نہیں ہے۔‘

راحیل حسن کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کی تاخیر کے بعد بھی پاسپورٹ نہیں ملا (فوٹو: اے ایف پی)

کراچی پاسپورٹ سیل کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ ’گزشتہ تین ماہ سے پاسپورٹ بنوانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ابتدائی طور پاسپورٹ فیس میں اضافے کی افواہ اڑی تھی، لیکن اس کی وضاحت کے باوجود درخواستوں میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ اس وقت بھی پاسپورٹ بنانے والوں کی طویل قطاریں روزانہ کی بنیاد پر لگ رہی ہیں۔‘
’پاسپورٹ بنوانے کا بیک لاگ تقریباً ڈھائی لاکھ سے زائد ہے۔ ایگزیکٹو، ارجنٹ اور نارمل تینوں طرح کے پاسپورٹس بنوانے والوں کو پاسپورٹ تاخیر سے مل رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہمیں پچھلے تین ماہ سے سات لاکھ کے قریب ماہانہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اور انتظامیہ کے پاس اتنی بڑی تعداد میں ماہانہ پاسپورٹ بنانے سہولت موجود نہیں ہے۔‘
راحیل حسن کا کہنا ہے کہ ’اب سفر کے قریب آ گئے ہیں تو انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنایا جائے۔ اس معاملے میں دعا ہی کرسکتے ہیں کہ ہمارے لیے مزید آسانی ہو پاسپورٹ جلد مل جائے تو جمع کروا دیں تاکہ حج ادائیگی کی باقی کارروائی مکمل کی جائے اور دل کی آرزو پوری ہو۔‘

شیئر: