Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو شام کے دو روزہ دورے کی دعوت

شام میں خانہ جنگی کے بارہ سال بعد ایرانی صدر کا دمشق کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ فوٹو عرب نیوز
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی شام کے صدر بشار الاسد کی دعوت پر بدھ کے روز "انتہائی اہم" دو روزہ دورے پر شام کے دارالحکومت دمشق روانہ ہوں گے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر رئیسی کا دمشق کا دو روزہ دورہ خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور پیشرفت کی وجہ سے انتہائی اہم ہے۔

 یہ اچھا موقع ہے جس سے خطے کے دیگر ممالک مستفید ہو سکتے ہیں۔ فوٹو گیٹی امیج

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے شام میں ایران کے سفیر حسین اکبری کے حوالے سے اتوار کو بتایا ہے کہ یہ دورہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور دمشق کے ساتھ عرب تعلقات میں اضافے کے پس منظر میں ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران شام کے صدر بشار الاسد کا بڑا اتحادی ہے اور ایران نے شام میں 12 سال سے جاری تنازع کے دوران بشار حکومت کی مالی اور فوجی مدد کی ہے۔

ایران نے شام میں جاری تنازع کے دوران مالی اور فوجی مدد کی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

ایران کے سفیر حسین اکبری  نے بتایا ہے کہ یہ  دورہ  نہ صرف تہران اور دمشق کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ یہ ایک اچھا موقع ہے جس سے خطے کے دیگر ممالک بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ شام میں 2011 سے خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے کسی ایرانی صدر کا دمشق کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل ستمبر 2010 میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد شام کا دورہ کرنے والے آخری ایرانی صدر تھے۔

شیئر: