Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

ایئر چیف مارشل نے پاکستانی فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے ویژن سے اماراتی سفیر کو آگاہ کیا (فوٹو: پی اے ایف)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل نے پاکستانی فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے ویژن سے بھی آگاہ کیا۔
اس میں اتحادی ممالک سے سمارٹ ٹیکنالوجی کے حصول اور انفراسٹرکچر کی توسیع کے ساتھ ساتھ آپریشنل و تربیتی شعبوں کی ازسرنو تشکیل کے منصوبے شامل ہیں۔
ایئر چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون، سٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیرمعمولی پیش رفت کو سراہا اور فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے موجودہ دوطرفہ عسکری تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اماراتی سفیر نے تربیتی شعبے، نئی ٹیکنالوجی اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر: