Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جناح ہسپتال کراچی کی سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی انتقال کر گئیں

ڈاکٹر سیمی جمالی کو چند دن قبل کینسر کے علاج کے لیے کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا (فوٹو: فیس بک، جناح ہسپتال)
پاکستان کے شہر کراچی کے جناح ہسپتال کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کراچی میں انتقال کر گئی ہیں۔
سیمی جمالی کچھ عرصے سے کراچی کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرعلاج تھیں۔
انہوں نے کراچی میں میڈیکل کے شعبے میں تین دہائیوں تک خدمات سرانجام دیں۔
سیمی جمالی کے شوہر ڈاکٹر اے آر جمالی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’27 مئی کو سیمی جمالی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ڈاکٹر سپمی جمالی کی نماز جنازہ اتوار کی شام جناح ہسپتال کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کون تھی؟

ڈاکٹر سیمی جمالی نے 1986 میں نواب شاہ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا تھا۔ 1987 میں سول ہسپتال کراچی سے ہاؤس جاب مکمل کی اور 1988 سے انہوں نے جناح ہسپتال میں سروس جوائن کی۔
ڈاکٹر سیمی 1995 میں جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی انچارج بنیں۔  یہ وہ وقت تھا جب کراچی میں حالات انتہائی کشیدہ تھے۔ 
سیمی جمالی کی خدمات اور کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں 2010 میں جناح ہسپتال کی جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا اور پھر 2016 میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح ہسپتال تعینات ہوئیں۔  
سنہ 2019 میں سیمی جمالی کو نمایاں کارکردگی پر قومی سول ایوارڈ تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا اور اسی سال انہیں پاکستان آرمی نے لیفٹننٹ کرنل کا اعزازی عہدہ بھی دیا تھا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کو سنہ 2020 میں آنتوں کے کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی اور انہوں نے اپنا علاج شروع کروایا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان فوج نے انہیں لیفٹینٹ کرنل کا اعزازی عہدہ بھی دیا تھا (فائل فوٹو: فیس بک، جناح ہسپتال)

ڈاکٹر سیمی جمالی نے اپنی زندگی کے 33 برس جناح ہسپتال میں خدمات سرانجام دیں۔ وہ 19 اگست 2021 کو ریٹائرڈ ہوئیں۔

’کراچی میں میڈیکل کے شعبے کے لیے بڑا نقصان‘

ڈاکٹر سیمی جمالی کے ساتھ دو دہائیوں سے کام کرنے والے سینیئر صحافی حامد الرحمٰن نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈاکٹر سیمی جمالی کا انتقال کراچی میں میڈیکل کے شعبے کے لیے بڑا نقصان ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹر سیمی نے اپنی سروس کے دوران مشکل سے مشکل حالات میں ثابت کیا کہ وہ نہ صرف ایک اچھی ڈاکٹر ہیں بلکہ ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں۔‘
’کراچی شہر میں روز درجنوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ سے لے کر دہشت گردی کے بڑے واقعات تک میں انہیں ہمیشہ جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کے مرکزی دروازے پر کھڑا دیکھا۔‘
حامد الرحمٰن کے بقول ’ڈاکٹر سیمی کے دور میں جناح ہسپتال کا معیار کراچی کے اچھے اور بہترین ہسپتالوں کے برابر کیا گیا۔‘
’ڈاکٹر سیمی ریٹارمنٹ کے بعد بھی لوگوں کی خدمت میں لگی رہتی تھیں۔ وہ اپنی طبیعت کی فکر نہ کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت میں مشغول رہیں۔‘
ڈاکٹر سیمی کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور سیاسی جماعتوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: