Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق کو یورپ اور مشرق وسطیٰ سے ملانے والے راہداری منصوبے کا اعلان

نقل و حمل  کا یہ راستہ ترکی سے خلیج تک 1200 کلومیٹر طویل ہو گا۔ فوٹو بلومبرگ
عراق نے ملک میں سڑک اور ریل کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دے کر یورپ کو مشرق وسطیٰ سے جوڑنے کے بڑے راہداری منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق عراق کو علاقائی نقل و حمل کے مرکز میں بدلنے کے اس منصوبے کو ' ترقی کا راستہ' عنوان دیا گیا ہے اور اس پر 17 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

عراقی وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ کانفرنس میں منصوبے کا اعلان کیا۔ فوٹو عرب نیوز

نقل و حمل  کا یہ راستہ ترکی کے ساتھ شمالی سرحد سے جنوب میں خلیج تک 1200 کلومیٹر طویل ہو گا۔
عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے ایران، اردن، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، ترکی اور متحدہ عرب امارات کی وزارت ٹرانسپورٹ کے نمائندوں کے ساتھ کانفرنس کے موقع پر اس منصوبے کا اعلان کیا۔
عراقی وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ پائیدار منصوبہ پڑوسی ممالک کے ساتھ اقتصادی انضمام کی کوششوں میں شراکت کے ساتھ غیر تیل کی معیشت کے ستون کے طور پر دیکھاجا رہا ہے۔

تجارتی بندرگاہ الفاؤ  کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کام شروع ہے۔ فوٹو گیٹی امیج

عراقی پارلیمنٹ کی ٹرانسپورٹ کمیٹی  نے کہا ہے کہ اس پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے اور کوئی بھی ملک اس منصوبے کا حصہ بن سکے گا، یہ منصوبہ تین سے پانچ سال کی مدت میں مکمل ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب عراق میں ترکی کے سفیر علی رضا گنی نے کہا ہے کہ یہ ترقی کا راستہ خطے کے ممالک کے درمیان باہمی انحصار کو فروغ دے گا۔  
واضح رہے کہ تیل کی دولت سے مالا مال عراق  اس وقت جنگ سے تباہ حال اور بدعنوانی سے دوچار خستہ حال انفراسٹرکچر کا شکار ہے۔
ملک بھر کی سڑکیں  خاص طور پر بغداد کو شمالی علاقوں سے جوڑنے والے راستے ناقص دیکھ بھال کے باعث جگہ جگہ پر گڑھے پڑنے کے بعد شدید ابتر حالت میں ہیں۔

عراق میں بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا جا رہاہے۔ فوٹو گیٹی امیج

عراقی وزیراعظم نے ملک میں بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ عراق میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی تعمیر نو کو ترجیح دی ہے۔
سڑک اور ریل راہداری کی ترقی سے عراق کو اپنی جغرافیائی حیثیت کا فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا، جس کا مقصد ملک کو خلیج، ترکی اور یورپ کے درمیان آنے والے سامان اور لوگوں کے لیے نقل و حمل کا مرکز بنانا ہے۔
واضح رہے کہ خلیجی ساحل پر واقع تجارتی بندرگاہ الفاؤ  کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کام شروع  کر دیا گیا ہے جہاں نئی ​​سڑک اور ریل روابط شروع ہونے سے پہلے کارگو سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔
عراق میں بصرہ، بغداد اور موصل کے بڑے شہروں کو بذریعہ ٹرین ملاتے ہوئے ترکی کی سرحد تک تقریباً 15سٹیشنوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی اس میں شامل ہے۔

شیئر: