مصر میں گردو غبار کا طوفان، بل بورڈ گرنے سے دو ہلاک
قاہرہ میں پل سے گزرنے والی گاڑی اور موٹر سائیکل بل بورڈ آ گرا (فوٹو: ٹوئٹر)
مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں جمعے کو گردو غبار کے طوفان سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔ دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مصر کی وزیر ماحولیات یاسمین فواد نے بتایا کہ ’گردوغبار کے طوفان سے ہوا دس گنا زیادہ آلودہ ہوگئی۔ سڑکوں پر بل بورڈز گر گئے‘۔
قاہرہ کے مرکزی علاقے میں پل سے گزرنے والی گاڑی اور موٹر سائیکل بل بورڈ آ گرا۔ ایک شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
مشرقی مصر کے شہر العاشر من رمضان میں سائن بورڈ گرنے سے ایک خاتون انجینیئر کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
قاہرہ کے علاوہ مصر کی مختلف کمشنریاں بھی گردوغبار کے طوفان سے متاثر ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وڈیوز وائرل ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دھند اور بارش کے ساتھ گردو غبار کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی۔ شہر کا آسمان گردو غبار سے ڈھکا رہا۔ خراب موسم کے باعث ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑا ہے۔
مصری پارلیمنٹ میں المصری پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے سربراہ ایھاب منصور نے بل بورڈز سے ہونے والے نقصانات پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
مصری جریدے الاھرام کے مطابق گردوغبار کے طوفان سے عظیم قاہرہ، الوجہ البحری، شمال مغربی ساحل اور السعید کا شمالی علاقہ متاثر ہوا ہے۔