Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی لیڈر پر سیاست کرنے کی پابندی نہیں ہونی چاہیے: ریحام خان

ریحام خان کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سمیت پاکستان کے کسی بھی رہنما پر سیاست کرنے کی پابندی نہیں ہونی چاہیے، پاکستان کا آئین ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کا اختیار دیتا ہے۔
کراچی میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ ’پاکستان میں ایک بار ہی الیکشن میں ووٹ دیا ہے اور اس پر میں شرمندہ ہوں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں سیاست میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہوں۔ ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ کس سیاسی جماعت کا حصہ بنوں گی۔ ووٹ لیڈر کو نہیں بلکہ حلقے میں کام کرنے والے کو دیکھ کر دینا چاہیے۔ میں ایک ہی بار پاکستان میں ووٹ دیا ہے اور مجھے افسوس ہے کہ میں اچھے امیدوار کو نظر انداز کرکے کسی کو ووٹ دیا۔ مستقبل میں موقع ملا تو اپنی غلطی کی اصلاح کروں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں سیاسی رہنماؤں پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ ہمارے ملک کا قانون ہر شہری کو سیاست کرنے اور اظہار رائے کا حق دیتے ہے جس کا ہمیں احترام کرنا چاہیے۔‘
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ووٹ کس کو دینا ہے اس بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ لیکن اتنا ضرور طے کرلیا ہے کہ اب ووٹ اس کو دوں گی جو حلقے میں رہ کر عوام کی خدمت کرنے کا عزم رکھتا ہو۔  میرے سسرالیوں کے ایم کیو ایم سے اچھے روابط ہیں جلد ہی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد کا بھی دورہ کروں گی۔‘
ریحام خان کا کہنا تھا کہ جلد ہی گورنر سندھ سے ملاقات کر کے آرٹ، کلچر اور فلم انڈسڑی سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے کام کرنے کا ارادہ ہے۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے یہاں سے آواز پوری دنیا تک جاتی ہے۔
’ایک وقت میں ہمارے پاس 15 سو سنیما تھے اب پانچ سو رہ گئے ہیں۔ اس بارے میں ہمیں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، آرٹ اور فلم کے ذریعے دنیا بھر میں مسائل اجاگر کیے جاتے ہیں۔‘

شیئر: