Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورجن گالیکٹک کی خلائی پرواز میں مقابلہ جیتنے والی ماں اور بیٹی بھی سوار ہوں گی

ورجن گالیکٹک کا خلائی سیاحت میں دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک کی کمپنی ’بلیو اوریجن‘ سے مقابلہ ہے (فائل فوٹو:ورجن گلالیکٹک)
خلائی سیاحت کی سروس فراہم کرنے والی امریکی کمپنی ’ورجن گالیکٹک‘ کی خلا میں جانے والی اگلی پرواز میں ماں اور بیٹی بھی سوار ہوں گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ورجن گالیکٹک کی خلا میں جانے والی اگلی پرواز میں سویپ سٹیکس مقابلہ جیتنے والی جزائر غرب الہند یعنی کیریبین کی ایک ماں اور ان کی بیٹی بھی شامل ہیں جبکہ اِن کے ساتھ 80 برس کے سابق اولمپیئن بھی پرواز پر سوار ہوں گے۔
ورجن گالیکٹک برطانوی ارب پتی رچرڈ برینسن کی کمپنی ہے جس نے گزشتہ ماہ خلا میں پہلی کمرشل پرواز بھیجی تھی۔
اس پرواز میں اطالوی فضائیہ کے اراکین نے خلا کا سفر کیا تھا۔
ورجن گالیکٹک کا نیا خلائی مشن ’گالیکٹک 2.0‘ اب 10 اگست سے امریکی ریاست نیومیکسیکو کے خلائی مرکز سپیس پورٹ امریکہ سے اڑان بھرنے کو تیار ہے۔
اس پرواز پر انٹیگا اور باربوڈا سے تعلق رکھنے والی ہیلتھ کوچ کیشا سکاہاف بھی موجود ہوں گی جنہوں نے سپیس فار ہیومینٹی نامی نان پروفٹ کمپنی سے 17 لاکھ ڈالر جیتے تھے۔

کیشا کے ساتھ خلا کے سفر میں اُن کی 18 برس کی بیٹی اینسٹاٹا میئرز بھی ہوں گی (فائل فوٹو: لُوپ کیریبین نیوز)

کیشا سکاہاف نے 2021 میں اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مجھے بچپن سے ہی خلا میں جانے کا شوق تھا۔ یہ میرے لیے ایک عظیم موقع ہے اور میں اس سے عظیم مہم سر کر سکتی ہوں۔‘
کیشا کے ساتھ اُن کی 18 برس کی بیٹی اینسٹاٹا میئرز بھی ہوں گی۔ یہ خلا میں جانے والی ماں اور بیٹی کی پہلی جوڑی ہو گی۔
اس پرواز پر 80 برس کے برطانوی اولمپیئن جون گُڈوِن بھی موجود ہوں گے۔ گُڈوِن میں 2014 میں پارکنسن کی بیماری کی تشخیص ہوگی جس کے بعد وہ خلا میں جانے والے پارکنسن کے دوسرے مریض ہوں گے۔
ورجن گالیکٹک کی پرواز کے ذریعے مسافر سطح سمندر سے 85 کلومیٹر اوپر جاتے ہیں جہاں پر وہ کشش ثقل سے آزاد ہو جاتے ہیں۔ اس کے بعد پرواز واپس زمین پر آ جاتی ہے۔
سنہ 2004 میں قائم ہونے والی اِس کمپنی نے اپنی مستقبل کی کمرشل فلائٹس کے لیے 800 ٹکٹ بیچے ہیں۔
اس کمپنی نے 2005 سے 2014 کے درمیان دو لاکھ سے ڈھائی لاکھ ڈالر کے مالیت کے 600 ٹکٹ فروخت کیے جبکہ 2014 سے اب تک ساڑھے چار لاکھ ڈالر کے مالیت کے 200 ٹکٹ فروخت کیے ہیں۔
خیال رہے ورجن گالیکٹک کا خلائی سیاحت میں دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک کی کمپنی ’بلیو اوریجن‘ سے مقابلہ ہے جس نے خلا میں اب تک 32 افراد کو بھیجا ہے۔

شیئر: