Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈولی سے گر کر خاتون ہلاک، ‘حادثہ لِفٹ آپریٹر کی جلد بازی کے باعث پیش آیا‘

ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ’حادثہ لفٹ آپریٹر کی جلد بازی کے باعث پیش آیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایبٹ آباد کے گاؤں دیسال میں ایک معمر خاتون ڈولی (چیئر لفٹ) سے گر کر ہلاک ہوگئیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے گاؤں دیسال میں ایک خاتون ڈولی سے گہری کھائی میں جا گریں اور بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔
 پولیس کے مطابق معمر خاتون اپنے بیٹے کے ہمراہ ڈولی میں بیٹھ رہی تھیں کہ اس دوران ان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ کھائی میں گر گئیں۔
انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ 
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے اور چیئرلفٹ کو سیل کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کے بیٹے نے تحریری بیان میں خاتون کی موت کو حادثہ قرار دے کر کسی شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے معذرت کرلی۔
دوسری جانب ایک عینی شاہد نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ ’حادثہ لفٹ آپریٹر کی جلد بازی کے باعث پیش آیا۔‘

شیئر: