Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کی تیاریاں مکمل، اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی بارات کشتی پر آئے گی

خیال رہے راگھوو چڈھا اور پرینیتی چوپڑا کی منگنی رواں برس مئی میں ہوئی تھی۔ (فوٹو: پرینیتی چوپڑا انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا 24 ستمبر کو سیاستدان راگھوو چڈھا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے میں جا رہی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھوو چڈھا کی شادی کی تاریخ اور مقام اب ڈھکی چھپی نہیں کیونکہ دونوں جانب شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرینیتی چوپڑا کے ہونے والے شوہر راگھوو چڈھا اپنی دلہن کو لینے کے لیے بارات کشتی پر لے کر جائیں گے۔
یہ شادی ریاست راجستھان کے شہر اُدے پور میں ہو رہی ہے اور اس میں راگھوو چڈھا ہوٹل لیک پیلس سے ہوٹل لیلا پیلس تک اپنی بارات کشتی پر لے کر جائیں گے۔
پرینیتی اور راگھوو کی شادی کی مذہبی رسومات اتوار کی دوپہر تین بجے ہوں گی جبکہ محفل موسیقی 90 کی دہائی کے گانوں پر مشتمل ہوگی۔
اس جوڑے کی شادی میں شریک مہمانوں کے لیے پنجابی کھانوں کے ساتھ ساتھ راجستھانی پکوان بھی پیش کیے جائیں گے جبکہ شادی کے مقام کو سجانے کے لیے کولکتہ اور نئی دہلی سے خصوصی سفید پھول بھی منگوا لیے گئے ہیں۔
خیال رہے راگھوو چڈھا اور پرینیتی چوپڑا کی منگنی رواں برس مئی میں ہوئی تھی۔
دوسری جانب رواں ماہ کے آغاز میں اس جوڑے کی شادی کا دعوت نامہ سامنے آیا تھا جس کے مطابق پرینیتی اور راگھوو کی شادی کا استقبالیہ 30 ستمبر کو چندی گڑھ میں ہوگا۔
اس سے قبل انڈین میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پرینیتی اور راگھوو کی شادی میں صرف قریبی رشتے دار اور عزیز و اقارب شریک ہوں گے اور یہ ایک عالیشان پنجابی شادی ہوگی۔
خیال رہے پرینیتی چوپڑا اور راگھوو چڈھا کے درمیان ڈیٹ کی خبریں رواں برس کے آغاز میں سامنے آئی تھیں جب انہیں ممبئی کے ایک ریستوران میں اکٹھے کھانا کھاتے دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ جوڑا مختلف مواقعوں پر اکٹھا نظر آیا جبکہ انہیں ایک ساتھ آئی پی ایل کا میچ دیکھتے ہوئے بھی سٹیڈیم میں دیکھا گیا۔
 

شیئر: