Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بھئی! چھوٹا بچہ ہے چھوڑ دیں، نہیں اس نے وردی پھاڑی ہے‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ’شہریوں سے گزارش ہے کہ قانون کا احترام کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں‘ (فائل فوٹو: آئی ٹی پی)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اور ایک شہری کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ 
بدھ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے دو اہلکار ایک شہری کو گریبان سے پکڑے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور وہ شہری خود کو چھڑانے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس کی سپر مارکیٹ کے سامنے پیش آیا جو کوہسار تھانے کی حدود میں واقع ہے۔ 
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری کے ساتھ موجود ایک خاتون پولیس سے ہاتھ جوڑ کر معافی بھی مانگ رہی ہیں اور کہتی ہیں کہ ’بھئی! چھوٹا بچہ ہے چھوڑ دیں‘ جبکہ پولیس اہلکار ان سے پوچھتا ہے ’آپ نے اس کو تمیز نہیں سکھاتیں؟‘
اس کے بعد شہری کو پولیس کی ایمرجنسی رسپانس پولیس کی کار میں بٹھا دیا جاتا ہے اور گاڑی وہاں سے چلی جاتی ہے۔ 
جب ٹریفک پولیس کے اہلکار شہری کو گاڑی میں دھکیل کر بٹھا رہے تھے تو وہاں کھڑے شہریوں نے انہیں چھوڑنے کی درخواست کی تو ایک پولیس اہلکار کا جواب تھا ’بھئی! وردی پھاڑ دی ہے۔‘ 
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اسلام آباد ٹریفک پولیس پر تنقید کر رہے ہیں.
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا بیان
اس واقعے کے حوالے سے بعد ازاں اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شہری کو ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر ٹریفک سٹاف نے روک کر چالان جاری کیا تھا۔
بیان کے مطابق ’چالان کیے جانے پر برہم شہری نے پولیس افسران سے ہاتھا پائی کی، مکہ مارا اور وردی پھاڑ دی۔‘
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ ’گرفتاری کی کوشش پر شہری نے مزاحمت کی جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ بعد ازاں شہری نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی نامہ تحریر کیا کہ وہ ذاتی پریشانی کا شکار تھا۔‘

شیئر: