Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا غزہ کے متاثرین کے لیے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان نے اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ غزہ کے لوگوں کے لئے امداد بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ غزہ کے لوگوں کے لیے امداد بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اندھا دھند اسرائیلی جارحیت اور محاصرے کے تناظر میں گنجان آباد غزہ میں پہلے سے ہی ظلم و ستم کے شکار عوام کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔
’غزہ میں رونما ہونے والے انسانی المیے کے پیش نظر حکومت پاکستان نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر امداد روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی، اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسیوں، حکومت مصر اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ساتھ ہم آہنگی کر رہی ہے تاکہ ترسیل کے طریقوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
قبل ازیں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی کہا تھا کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر تشویش ہے۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا کہ پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
’ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی کرنے اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ’اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان پہنچانے کے لیے محفوظ اور غیرمحدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہیے۔‘

شیئر: