Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوش رہنے کے وہ طریقے جن سے آپ زندگی جی سکتے ہیں

پریشانی کو دور کرنے کے لیے اپنے اندر مثبت سوچ کو اُجاگر کریں (فوٹو: فری پک)
کیا آپ یہ محسوس کرتے ہیں کہ زندگی میں خوشی آپ سے روٹھ گئی ہے؟ آپ خوشی کو تلاش کرتے ہیں لیکن وہ آپ سے دور ہوتی ہے؟  
اگر ایسا ہے تو اطمینان رکھیں یہ بھی جان لیں کہ ہر دن پرمسرت نہیں ہوتا نہ ہی آپ کی خواہش کے مطابق ہو سکتا ہے۔ لیکن درج ذیل باتوں پر عمل کر کے آپ کم ہمتی اورغموں سے کسی حد تک چھٹکارا پا سکتے ہیں۔ 
خود سے دوستی کریں
خود کو کھوجنا اور تلاش کرنا اگرچہ ایک مشکل نفسیاتی مرحلہ ہے جو بعض اوقات تکلیف دہ بھی ثابت ہوتا ہے تاہم اس سے آپ اپنے ماضی میں جھانکتے ہوئے ان مشکلات کو دریافت کرسکتے ہیں جو آپ کے حال اورمستقبل کے لیے بہتر ثابت ہوسکتی ہیں۔
اپنے گزرے وقت کو کھوجنے کے بعد ان خامیوں کو تلاش کریں جو آپ کے لیے اداسی کا باعث ہیں اوران امور کی اصلاح کی کوشش کریں تاکہ وہ آپ کے حال پر اثرانداز نہ ہوں۔ 
ماضی کے غموں کو بھول جائیں
اہم بات یہ ہے کہ ماضی میں جو امور آپ کے لیے باعث تکلیف رہے ہیں ان سے سبق حاصل کریں۔ انہیں مدنظر رکھتے ہوئے ان میں اصلاح کا پہلو تلاش کریں۔ یہ درست ہے کہ واقعات ہماری زندگی کا حصہ ہوتے ہیں جو مختلف انداز میں اثر انداز ہوتے ہیں تاہم جو کچھ ہو چکا اسے قبول کرتے ہوئے تکلیف دہ واقعات کو نہ دہرایا جائے اوران کے بارے میں مستقل طورپر سوچنا چھوڑ دیں۔

رات کی پرسکون نیند جسمانی بہتر صحت کے لیے بے حد مفید ہوتی ہے (فوٹو: فری پک)

پرسکون نیند جسمانی صحت کے لہے مفید
بیشتر سائنسی تحقیق میں یہ بات ثابت شدہ ہے کہ رات کی پرسکون نیند جسمانی صحت کے لیے بے حد مفید ہوتی ہے۔ اس لیے رات کو سونے کی عادت ڈالیں تاکہ ذہنی طورپر پرسکون رہ سکیں۔ 
مثبت سوچ اُجاگر کریں
خوش دلی کا مظاہرہ کریں اور پریشانی کو دور کرنے کے لیے اپنے اندر مثبت سوچ کو اُجاگر کریں۔ 
اپنی ذات کا احاطہ کریں
کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ ہم لوگ اپنے پسندیدہ افراد کی عادتوں کو لاشعوری طور پر اپنا لیتے ہیں۔ 
اس لیے یہ ضروری ہے کہ اپنی ذات کا تعین کریں اورخود کے بارے میں واضح راہ کا تعین کریں تاکہ اپنی ذات میں آپ مکمل طورپر اطمینان حاصل کرسکیں۔  
اگر آپ کے اطراف میں ایسے لوگ ہوں جو ہمیشہ خوش باش رہتے ہیں تو آپ بھی ان جیسی عادات کو اپنا لیں گے اور خود سے ہی خوش رہنا پسند کریں گے۔ 

پریشانیوں کے خول میں بند رہ کر خوشی کو محسوس کرنا مشکل ہے (فوٹو: فری پک)

اپنی قسمت جانیں
یہ درست ہے کہ قسمت ہر ایک کے دروازے پر دستک دیتی ہے تاہم جو افراد وقت کو محسوس کرتے ہوئے اس سے مستفید ہوتے ہیں وہ کامیاب ہوجاتے ہیں۔  
اگرآپ اپنی پریشانیوں کے خول میں بند رہتے ہیں اورہمہ وقت اسی کے گرد ہی اپنی سوچوں کے دائرے میں اُلجھے رہتے ہیں تو آپ اس آہٹ کو محسوس ہی نہیں کر پائیں گے جو خوشی و مسرت کا باعث بن سکتی ہے۔ شاید وہ خاموش لمحات آپ کی زندگی کو بدلنے والے ہوتے ہیں۔ 
اپنا ہدف متعین کریں 
اپنی زندگی کو بہتر انداز میں گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنے اہداف متعین کریں اورانہیں ترجیحی بنیادوں پر تحریر کریں۔ روزانہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے کی گئی کوششوں کا جائزہ لیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ کتنی پیش رفت ہو رہی ہے۔ 
نئے تجربات سے گزریں
خوشی کو دوبالا کرنے کے لیے ایسے نئے تجربات کریں جو آپ کے لیے باعث مسرت ہوں۔ نئی چیزیں تلاش کریں جن میں آپ کی دلچسپی ہو۔ 
دوسروں کا خیال کریں تاکہ آپ بھی پسندیدہ ہوں
دوسروں کے احساسات اورجذبات کا خیال رکھیں اور انہیں کبھی خود سے کم تر نہ سمجھیں۔ اپنے مد مقابل کے خیالات کو غور سے سنیں تاکہ آپ بھی دوسروں کی توجہ کا مرکز بن سکیں۔ 

شیئر: