Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک اور قتلِ عام کا انتظار مت کریں، غزہ ہسپتال کے ڈاکٹر کی فریاد

بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق ہسپتال کو محفوظ جگہ سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
 ڈاکٹر محمد غنیم نے منگل کو ہسپتال کو نشانہ بنائے جانے کے بعد بین الاقوامی برادری سے علاقے میں معصوم شہریوں کی ہلاکتیں روکنے کی اپیل کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر غنیم نے التجا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’غزہ کے بہت سے بے گھر اور زخمی افراد ہسپتال کو ایک محفوظ پناہ گاہ سمجھ رہے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق ہسپتال کو محفوظ جگہ سمجھا جاتا ہے اور یہ حملہ واقعی نسل کشی ہے۔‘
ڈاکٹر غنیم نے بتایا کہ ’ہسپتال میں لائے جانے والے بری طرح سے زخمی حالت میں ہوتے ہیں، ان کے جسم کے کئی اعضا کٹے ہوتے ہیں اور کئی ایک میں تو زندگی کے آثار نہیں ہوتے۔‘
ہسپتال میں سفید کپڑے میں لپٹی بہت سی لاشوں کے درمیان کھڑے ڈاکٹر غنیم نے درخواست کی کہ ’ہمارے پاس اس وقت صرف پانچ ایسے ہسپتال ہیں جہاں علاج کی سہولت ہے اور لگتا ہے کہ  آنے والے گھنٹوں میں یہاں سہولتیں کم ہو جائیں گے۔‘
ہم اس ہسپتال میں اب خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہے بلکہ ہم کسی بھی جگہ اپنے آپ کو محفوظ  تصور نہیں کرتے ہیں۔
پلیز یہ پاگل پن بند کر دیں، اس نسل کشی کو بند کر دیں۔ اس انسانی بحران کو روکیں۔ اس وقت کا انتظار نہ کریں جب یہ ہسپتال بھی ختم ہو جائیں۔

عالمی برادری نے غزہ ہسپتال پر ہونے والے فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

منگل کو غزہ کے الاہلی ہسپتال پر اسرائیل کے فضائی حملے میں سینکڑوں مریض اور عام شہری ہلاک ہو گئے، یہ وہ  عام افراد تھے جو ہسپتال میں پناہ لئے ہوئے تھے۔
اسرائیل فلسطین تنازع کے آغاز کے بعد یہ سب سے بڑا اور مہلک حملہ تھا جب کہ اسرائیل اور امریکہ ہسپتال پر حملے کا الزام فلسطینی مسلح گروپ اسلامی جہاد پر لگاتے ہیں۔
قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن کے  تل ابیب پہنچتے ہی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ غزہ ہسپتال پر حملہ ممکنہ طور پر اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ نہیں۔

اس وقت کا انتظار نہ کریں جب یہ ہسپتال بھی ختم ہو جائیں۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر جو بائیڈن نے اسلامی جہاد کا حوالہ دیتے ہوئے بنیامین نیتن یاہو سے کہا 'میں نے جو دیکھا ہے، اس کی بنیاد پر ایسا لگتا ہے کہ یہ دوسری ٹیم نے کیا ہے، آپ نے نہیں۔'
عالمی برادری نے غزہ ہسپتال پر ہونے والے حملے کی مذمت کی اور اس قتل عام کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ اردن، مصر اور فلسطینی اتھارٹی کے رہنماؤں کی عمان میں ہونے والی سربراہی کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔

شیئر: