Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی صدر پوتن خلیجی ممالک میں سفارت کاری کے لیے متحرک

روسی صدر نے عمان کے ولی عہد پرنس ذی یزن بن ھیثم اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے رابطہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد ماسکو پہنچنے کے چند گھنٹے بعد ہی روسی صدر ولادیمیر پوتن نے عمان کے ولی عہد پرنس ذی یزن بن ہیثم اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے رابطہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ رابطے غزہ میں جاری تصادم کے تناظر میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
روسی صدر پوتن کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ گفتگو میں فلسطین مرکزی موضوع رہا۔
ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ’فلسطین اور غزہ میں کیا ہو رہا ہے، یہ بلاشبہ نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔‘
 ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بہت ضروری ہے کہ اسرائیل کی بمباری کو جلد از جلد روکا جائے، یہ آج صرف ہمارے خطے کا معاملہ نہیں ہے یہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ اس لیے بہت ضروری ہے کہ اس کو جلد حل کیا جائے۔‘
پوتن اور ابراہیم رئیسی نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فریم ورک میں روس اور ایران کے تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے 2024 میں روسی صدارت میں ہونے والے برکس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ایران یکم جنوری کو اس کے مکمل رکن بن جائیں گے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے اسسٹنٹ برائے خارجہ امور یوری اوشاکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ ’بلاشبہ دنیا میں برکس کا کردار بڑھ رہا ہے اور اس کے ارکان کے ساتھ مشاورت بھی کی جائے گی۔‘

شیئر: