امیتابھ بچن کے فالوورز کی فہرست میں ’ایشوریہ موجود نہیں‘
امیتابھ بچن کے فالوورز کی فہرست میں ’ایشوریہ موجود نہیں‘
ہفتہ 9 دسمبر 2023 19:25
ایشوریہ رائے سمیت بچن خاندان کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی نئی فلم ’دی آرچیز‘ کے پریمیئر پر دیکھا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی بچن فیملی کے لیے خبروں کی زینت بننا کوئی نئی بات نہیں ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں بچن فیملی اپنے نواسے اگستیا نندا کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’دی آرچیز‘ کے باعث ہیڈلائنز میں ہے۔
اس کے علاوہ بچن خاندان کی بہو ایشوریہ رائے اور اُن کے سسر امیتابھ بچن کے درمیان بھی تنازع کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک نئے موضوع نے جنم لے لیا ہے جس کے مطابق امیتابھ بچن نے مبینہ طور پر اپنی بہو ایشوریہ رائے کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام سے انفالو کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے جانے والے سکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انسٹاگرام پر امیتابھ بچن کے فالوورز کی فہرست میں ایشوریہ رائے موجود نہیں ہیں۔
اس بارے میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ شاید امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے پہلے سے ہی ایک دوسرے کو فالو نہیں کر رہے تھے یا پھر بالی وُڈ کے شہنشاہ کے اکاؤنٹ پر لگی پرائیویسی سیٹنگز کے باعث صرف وہی اپنی فالوونگ کی لسٹ کو دیکھ سکتے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گرم ہیں کہ بچن خاندان میں تنازع چل رہا ہے جس کے باعث ایشوریہ رائے اپنا زیادہ وقت اپنی والدہ کے گھر پر گزار رہی ہیں۔
اس کے علاوہ سالگرہ کے موقع پر ایشوریہ رائے کو اُن کے شوہر ابھیشیک بچن کے علاوہ بچن خاندان کے کسی فرد نے مبارک باد نہیں دی۔
حالیہ دنوں میں امیتابھ بچن کی جانب سے اپنے بچوں میں تین ہزار کروڑ روپے کی پراپرٹی کی تقسیم کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔
اس سے قبل ایشوریہ رائے سمیت بچن خاندان کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی نئی فلم ’دی آرچیز‘ کے پریمیئر کے موقع پر دیکھا گیا تھا۔
ہدایت کارہ زویا اختر کی اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، امیتابھ بچن کے نواسے اگستیا نندا اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور سمیت ویدانگ رائنا، مہیر آہُوجا اور آدیتی سیگل شامل ہیں۔