Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر کی ’سعودی گیمز تقریبات‘ میں شرکت

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر ڈاکٹر تھامس باخ کا مملکت کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے مملکت کے سرکاری دورے کے موقع پر سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کے علاوہ اولمپک کمیٹی کے اہم ارکان سے ملاقات کی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی گیمز کے اختتامی لمحات کے موقع پر اپنے دو روزہ دورے کے دوران ڈاکٹر باخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کھیلوں کی ترقی انتہائی متاثر کن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میں نے کسی بھی ملک میں اتنے مختصرعرصے میں کھیل کے میدان  میں اتنی تبدیلی دیکھی ہے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر نے مملکت میں کھیل کے میدانوں میں مزید خواتین کی شمولیت اور کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں میں اہم پیشرفت کی تعریف کی۔ 
انہوں نے کہا کہ اولمپک ایجنڈے میں ایسی ہی تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم اسے بہت قریب ترین محسوس کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے نائب صدر شہزادہ فہد بن جلوی، سعودی گیمز کی ڈپٹی ڈائریکٹر شہزادی دلیل بنت نھار اور سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے سی ای او اور سیکرٹری جنرل عبدالعزیز باعشن  نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

تھامس باخ نے شہزادہ فیصل بن فہد اولمپک کمپلیکس کا دورہ کیا۔ فوٹو عرب نیوز

اس اہم دورے اور ملاقات کے موقع پر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی اور تھامس باخ نے سعودی وژن 2030 کی بدولت کھیلوں کے عالمی سٹیج پر مملکت کے اہم کردار اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران 2025 میں ایشین انڈور اور مارشل آرٹس گیمز، 2029 میں ایشین ونٹر گیمز اور 2034 میں ایشین گیمز جیسے بڑے اور اہم مقابلوں کی میزبانی کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔

کہیں اور اتنے مختصرعرصے میں کھیل کے میدان میں ایسی تبدیلی نہیں دیکھی۔ فوٹو عرب نیوز

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر نے سعودی گیمز کے زیر تحت ہونے والے بیچ والی بال اور ٹینس کے فائنل مقابلے دیکھنے  کے علاوہ ریاض میں شہزادہ فیصل بن فہد اولمپک کمپلیکس کا دورہ کیا۔
2013 میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی صدارت سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر تھامس باخ کا یہ مملکت کا تیسرا دورہ ہے۔

شیئر: