دبئی : 40 ملین یورو کے فراڈ میں انٹرپول کو مطلوب ملزم گرفتار
ملزم کی گرفتاری میں 15 ممالک کی سیکیورٹی ایجنسیز نے مشترکہ آپریشن کیا (فوٹو، ایکس )
دبئی پولیس نے متعدد ممالک کو مختلف کیسز میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا جس پر40 ملین یورو کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق ملزم کی گرفتاری کےلیے 15 ممالک کی سیکیورٹی ایجنسیوں نے مشترکہ آپریشن کیا۔ انٹرپول کی مطلوبہ افراد کی فہرست میں بھی ملزم کو درج کیا گیا تھا۔
دبئی پولیس نے چیف کا کہنا تھا کہ ’جس شخص کو مشترکہ آپریشن کے ذریعے حراست میں لیا گیا وہ ایک ایسے گروہ سے تعلق رکھتا ہے جو عالمی سطح پر ٹیکس فراڈ میں مہارت رکھتا ہے۔ گروہ نے مشرقی اور مغربی یورپ کے علاوہ متعدد ممالک میں کمپنیاں قائم کی ہوئی ہیں۔‘
مذکورہ گروہ 40 ملین یورو سے زیادہ مالیت کے جعلی سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروا کر ای کامرس کے ذریعے دھوکہ دہی میں ملوث رہا ہے۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کو ’پٹ اسٹاپ‘ کا کوڈ نیم دیا گیا تھا جس میں دبئی پولیس نے غیرمعمولی کردار ادا کیا۔ ملزم جس کے پاس ایک یورپی ملک کا پاسپورٹ تھا کو دبئی ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا جو کسی ایشیائی ملک سے دبئی پہنچا تھا۔