بحیرہ احمر میں حوثیوں کا چینی آئل ٹینکر پر میزائل حملہ
بحیرہ احمر میں حوثیوں کا چینی آئل ٹینکر پر میزائل حملہ
اتوار 24 مارچ 2024 17:58
امریکہ جہاز رانی کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
امریکی سنٹرل کمانڈ ’ CENTCOM‘ نے گذشتہ روز سنیچر کو بتایا ہے کہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی پر حملے تیز کر دیے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق یمن کے قریب بحیرہ احمر میں چینی ملکیتی آئل ٹینکر ’ہوانگ پو‘ پر حوثی باغیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیاہے۔
یو ایس سنٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتوار کو علی الصبح بیان میں بتایا ہے کہ پاناما کے پرچم والے چینی ملکیتی آئل ٹینکر سے پریشان صورتحال کی کال جاری ہوئی جس میں مدد کی درخواست نہیں تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور آئل ٹینکر نے دوبارہ اپنے راستے پر چلنا شروع کر دیا ہے۔ حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔
بتایا گیا ہے کہ بحیرہ احمر میں یمن کے ساحل کے قریب زیادہ تر حصے پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی قابض ہیں جہاں گزشتہ چار ماہ کے دوران بحری جہازوں پر درجنوں میزائل اور ڈرون حملے ہوئے ہیں۔
امریکی سنٹرل کمانڈ اور برطانوی بحریہ کے یونائیٹڈ کنگڈم میرین ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے کہا ہے کہ جہاز میں آگ بھڑکی تھی جو 30 منٹ میں بجھا دی گئی۔
میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ایمبرے نے میرین ٹریفک ٹریکنگ ویب سائٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ بحری جہاز اپنی اگلی منزل انڈیا کی بندرگاہ نیو منگلور کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔
یونائیٹڈ کنگڈم میرین ٹریڈ آپریشنز نے بتایا ہے کہ یہ میزائل بحیرہ احمر میں یمنی بندرگاہ موخہ سے 23 ناٹیکل میل مغرب کی جانب سے داغا گیا۔
امریکی سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں ہوانگ پو کے قریب چار اینٹی شپ بیلسٹک میزائل داغے جو آئل ٹینکر تک نہ پہنچ سکے تاہم پانچویں میزائل نے جہاز کو نشانہ بنایا۔
حوثیوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر بحیرہ احمر میں اسرائیلی، برطانوی اور امریکی بحری جہازوں کے ساتھ ساتھ اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔
دوسری جانب امریکہ بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے اور جنوری کے وسط سے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔