Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلم ’ھجان‘ عرب فلم ایوارڈز کی چھ کیٹیگریز کے لیے نامزد

عرب سینما سینٹر نے قاہرہ میں 18 مئی کو فلم ایوارڈز کی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
مصر کے فلمساز ابوبکر شوقی کی ہدایت کاری میں سعودی عرب میں بننے والی فلم ’ھجان‘ کو عرب فلموں کے آٹھویں ’ناقدین ایوارڈز‘ میں چھ کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بہترین فیچر فلم، بہترین سکرین پلے، بہترین اداکار، بہترین موسیقی، بہترین سنیماٹوگرافی اور بہترین ایڈیٹنگ کیٹیگریز کے مقابلوں میں فلم ’ھجان‘ شامل ہے۔
سعودی فلم ’ھجان‘  کی کہانی میں ایک لڑکا صحرا پار کرنے کے عزم کے ساتھ اپنے اونٹ کے ہمراہ سفر کرتا ہے۔
یہ فلم مملکت کے کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر ’اثرا سنٹر‘ اور مصری پروڈیوسر محمد حفظی کے فلم کلینک کی مشترکہ پروڈکشن ہے۔
فلم کی کہانی مصر کے عمر شمع اور مملکت کے مفرج المجفل کی مشترکہ کاوش ہے۔ اس میں سعودی اداکار عبدالمحسن النمر، ابراہیم الحساوی سمیت دیگر اداکاروں نے حصہ لیا ہے۔
سالانہ کانز فلم فیسٹیول کے موقع پرعرب سینما سینٹر نے قاہرہ میں 18مئی کو فلم ایوارڈز کی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ 72 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 209 نقادوں کے پینل نے فلم کے لیے ایوارڈز کا جائزہ لیا ہے۔

فلم ’ھجان‘  میں ایک لڑکا صحرا پار کرنے کا عزم کرتا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

سوڈانی ہدایت کار محمد کردفانی کی افتتاحی فیچر فلم، ’وداعا جولیا‘  اور تیونس کی فلمساز کوثر بن ھانیہ کی آسکر کے لیے نامزد کردہ دستاویزی فلم ’فور ڈاٹرز‘ نے سات کیٹیگریز میں نامزدگی حاصل کی ہے۔
اردنی فلمساز امجد الرشید کی ’ان شاءاللہ ولد‘ اور فلسطینی ۔ برطانوی ہدایت کارہ اور فلم رائٹر فرح نابلسی کی فلم’ الاستاذ‘ کی چھ نامزدگیاں شامل ہیں۔
 

شیئر: