Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلمی شعبے کو فروغ دینے کے لیے 234 ملین ڈالر کا مالی پروگرام

ایونٹ کا اہتمام وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کیا تھا۔ ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے ثقافتی ترقیاتی فنڈ نے مملکت میں ابھرتے ہوئے فلمی شعبے کو فروغ دینے کے لیے 234 ملین ڈالر کا فلم سیکٹر فنانسنگ پروگرام شروع کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس کا مقصد نجی شعبے کو با اختیار بنانے اور مقامی مواد کو فروغ دینے کے لیے مقامی اور غیرملکی فرموں کو مالیاتی پیکجز کی پیشکش کر کے سعودی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا ہے۔
ترقیاتی فنڈ کے چیف ایگزیکٹiو محمد بن دایل نے کہا کہ ’یہ اعلان کرتے ہوئے پرجوش ہیں کہ ہم نے ملک بھر کے سٹریٹیجک مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ فلم کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو آگے بڑھانے، فلمی منصوبوں کے لیے مالی استحکام قائم کرنے اور صحت مند مارکیٹ فعال کرنے کے لیے مالیاتی حل فراہم کیے جائیں گے۔‘
محمد بن دایل نے سعودی فلم کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو فنانسنگ پیکجز فراہم کرنے کے لیے سی ڈی ایف کے مالیاتی شراکت داروں کے ساتھ دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم تمام مالیاتی اور سرمایہ کاری کے اداروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس شعبے کی تعمیر اور اسے با اختیار بنانے کے لیے اس مشن میں شامل ہوں۔‘
یہ اعلان 16 اور 18 مارچ کے درمیان ریاض میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں ہوا جس کا اہتمام وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کیا تھا۔
اس ایونٹ نے فلموں اور تخلیق کاروں کو مقامی اور عالمی سطح پر منانے کے ساتھ ساتھ پیشہ ور افراد کو جوڑنے کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔
سی ڈی ایف کی بنیاد 2021 میں سعودی عرب کے ثقافتی منظرنامے کو وسعت دینے کے مقصد سے رکھی گئی تھی۔
نیشنل ڈیویلپمنٹ فنڈ سے منسلک یہ ایک خود انحصار ثقافتی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے اور با اختیار بنانے کے لیے کوالٹی آف لائف پروگرام کے انیشیٹو کے حصے کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔
یہ فنڈ مختلف ثقافتی سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرتا ہے اور سعودی وژن 2030 کے مطابق ملکی ثقافت کے شعبے کے منافع کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
حالیہ دنوں شائع ہونے والی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق این ڈی ایف نے 2022 میں 135 بلین ریال سے زیادہ مالیت کی فنانسنگ اور سپورٹ کی منظوری دے کر مملکت کی معیشت کو فروغ دیا۔

شیئر: