Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساڑھے 14 گھنٹے، نیپالی خاتون کا کم وقت میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ریکارڈ

پھنجو لاما نے 14 گھنٹے 31 منٹ میں چوٹی کو سر کیا (فوٹو: ہمالین)
نیپال کی خاتون کوہ پیما نے 14 گھنٹے 31 منٹ میں دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے کم وقت میں سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عام طور پر آٹھ ہزار آٹھ سو 49 میٹر (29 ہزار فٹ) بلند چوٹی کو سر کرنے میں چند دن لگ جاتے ہیں اور مہم کے دوران کوہ پیما مختلف مقامات پر کیمپس میں رات گزارتے یا آرام کرتے ہیں۔
فنجو لاما 2021 میں بننے والے اس ریکارڈ سے 11 گھنٹے قبل چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں جس کو اب تک کی بہترین اور تیز ترین مہم قرار دیا جاتا تھا جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے اپنے ہی ریکارڈ کو مزید بہتر بنایا ہے۔
نیپالی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ خِم لال گوتم نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’پھنجو لاما نے 22 مئی کو بیس کیمپ سے تین بج کر 52 منٹ پر سفر شروع کیا تھا اور 23 مئی کو صبح چھ بج کر 23 منٹ پر مکمل کیا۔‘
رواں ماہ کے آغاز میں جب لاما بیس کیمپ پر موجود تھیں تو انہوں نے فیس بک پر پوسٹ میں کہا تھا کہ انہیں ’سو فیصد یقین‘ ہے کہ وہ پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔
2018 میں لاما نے کسی خاتون کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنے کا تیز ترین ریکارڈ بنایا تھا اور وہ 39 گھنٹے اور چھ منٹ میں وہاں تک پہنچ پائی تھیں۔
ان کے اس ریکارڈ کو 2021 میں ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی ایڈا سینگ یین ہنگ نے توڑ دیا تھا جو 25 گھنٹے اور 50 منٹ میں چوٹی تک پہنچ گئی تھیں۔

30 بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا ریکارڈ

دوسری جانب نیپال سے ہی تعلق رکھنے والے 54 سالہ کوہ پیما کامی ریٹا شرپا نے 30 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا ہے جبکہ پہلی بار انہوں تین دہائیاں قبل سر کیا تھا۔

’ایورسٹ مین‘ سے مشہور کامی ریٹا شرپا 1994 سے ہر سال ہی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرتے رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

 کامی ریٹا شرپا نے رواں ماہ کے آغاز میں 29 بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا تھا۔ انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ صرف اپنا کام کر رہے ہیں اور ریکارڈز توڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
’ایورسٹ مین‘ کے نام سے مشہور کامی ریٹا شیرپا 1994 سے ہر سال ہی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرتے رہے ہیں۔
ان کی مہم کے مہتمم منگما شیرپا نے اے ایف پی کو بتایا کہ اب انہوں نے ایک نیا ریکارڈ بنا لیا ہے جو 30 بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا ہے۔
شیرپا 1994 میں پہلی بار ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچے تھے اور اس کے بعد ہر سال ہی اس کو سر کرتے رہے ہیں۔

شیئر: