Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صبیا گورنریٹ میں صدیوں پرانا قلعہ، آثار قدیمہ کے عجائبات کا خزانہ

سعودی ہیریٹیج کمیشن قلعے کی باقیات محفوظ رکھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے جازان ریجن میں صبیا گورنریٹ آثار قدیمہ کے عجائبات کا انمول خزانہ ہے، جہاں قدیم عمارات کی باقیات منفرد کہانی پیش کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق صبیا کے آثار قدیمہ میں ایک قلعہ بھی ہے، جس کی باقیات 20ویں صدی کے اوائل کا اظہار کرتی ہیں، قدیم عمارتوں کو دیکھنے کے شوقین یا محققین کو یہاں ضرور جانا چاہیے۔
قدیم طرز تعمیر کے آثار والا قلعہ کنگ فہد پارک سے ملحق صبیا ایونیو کے قریب ہے۔ یہ علاقہ موجودہ شہر صبیا کا حصہ ہے جو ایک خوبصورت وادی کے سنگم پر ہے۔
قدیم آثار سے بھرپور یہ قلعہ تعمیراتی عجوبہ ہے جو اونچی چھتوں اور موٹی دیواروں کے ساتھ کشادہ کمروں پر مشتمل ہے۔
صبیا قلعہ خوبصورت جیومیٹرک اور منفرد پھولوں کے نقش و نگار سے مزین دیواریں بنانے والے کاریگروں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
قلعے کی باقیات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی تعمیر میں مقامی مواد جیسے آتش فشاں کے پتھر اور لکڑی و چونے کے پتھر کا استعمال کیا گیا ہے۔
محققین کا خیال ہے کہ قلعے کی تعمیر میں استعمال ہونے والی مٹی وادی صبیا کے کنارے سے لی گئی ہے جس سے بنائی گئی اینٹیں دیواروں میں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ مختلف حجم اور اشکال کے آتش فشاں پتھروں کا استعمال قلعے کو ایک منفرد اور دل موہ لینے والی خوبصورتی بخشتا ہے۔

جازان میں قدیم آثار سے بھرپور صبیا قلعہ تعمیراتی عجوبہ ہے۔ فوٹو واس

صبیا کے شمال مشرق میں تھوڑے فاصلے پر واقع ’جبل عکوۃ‘ سے لائے گئے آتش فشاں پتھر بھی عمارت کی تعمیر میں شامل کئے گئے ہیں۔
صبیا قلعے کے شمال میں مسجد کے آثار بھی اسی زمانے کے ہیں کیونکہ مسجد کی تعمیر میں بھی وہی سامان شامل ہے جو قریبی محل اور اس علاقے میں موجود دیگر قدیم عمارتوں میں استعمال ہوا ہے۔
مسجد کا محراب اور نماز کی جگہ کے کچھ آثار عرصہ دراز گزر جانے کے باوجود اب بھی قائم ہیں۔

صبیا قلعے کے شمال میں مسجد کے آثار بھی اسی زمانے کے ہیں۔ فوٹو واس

تاریخی علاقے  کے آس پاس موجود محل و دیگر عمارتوں کے باقیات کے بارے میں انکشافات کی مزید حقیقت جاننے کے لیے محکمہ آثار قدیمہ کا کام جاری ہے۔
جازان کے علاقے میں سب سے اہم آثار قدیمہ کے مقامات میں سے ایک کے طور پر اس کی اہمیت کو تسلیم کرانے کے لیے صبیا میں موجود آثار قدیمہ کے اس قلعے کو محفوظ رکھنے کے لیے سعودی ہیریٹیج کمیشن بڑی محنت سے کام  جاری رکھے ہوئے ہے۔
 

شیئر: