Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو آخری ٹی20 میچ میں شکست، سیریز 0-2 سے انگلینڈ کے نام

انگلش اوپنرز جوز بٹلر اور فِل سالٹ نے پاکستانی بولرز کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی (فوٹو: اے ایف پی)
چار ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز0-2 سے اپنے نام کر لی۔
جمعرات کو لندن کے دی اوول سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا ہدف 15.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے فِل سالٹ نے 45، جوز بٹلر نے 39 جبکہ جونی بیئرسٹو نے 28 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی اننگز
158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کا آغاز کیا گیا۔
انگلش اوپنرز جوز بٹلر اور فِل سالٹ نے پاکستانی بولرز کے ساتھ کوئی بھی رعایت نہ کی اور گراؤنڈ کے ہر طرف جارحانہ شاٹس لگائیں۔
پاکستانی بولرز انگلش اوپنرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے اور جوز بٹلر اور فل سالٹ کی جارحانہ شراکت نے میچ کو پاورپلے میں ہی انگلینڈ کے حق میں کر دیا۔
پاکستان کو پہلی وکٹ 82 رنز پر ملی جب فل سالٹ 45 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسری وکٹ کپتان جوز بٹلر کی ملی جو 39 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔
تیسری وکٹ کے لیے وِل جیکس اور جونی بیئرسٹو سکور میں بڑا اضافہ نہ کر سکے جس کے بعد وِل جیکس 20 رنز بنا کر حارث رؤف کی میچ میں تیسری وکٹ بن گئے۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 157 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں جوز بٹلر اور فل سالٹ نے دھواں دھار بیٹنگ کی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے 38، بابر اعظم نے 36 اور محمد رضوان نے 23 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے لیام لیونگسٹون، مارک وُڈ اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز
بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کے آغاز میں انگلش بولرز کی نپی تلی بولنگ کا سامنا محتاط انداز میں کیا۔
ابتدائی تین اوورز کے بعد دونوں اوپنرز کُھل کر کھیلے اور گراؤنڈ کے چاروں جانب شاٹس لگانا شروع کیں۔
پہلی وکٹ کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر جوفرا آرچر کے ہاتھوں بابر اعظم لیٹ کٹ مارتے ہوئے 36 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کو دوسری کامیابی اگلے اوور میں ہی مل گئی جب محمد رضوان 23 کے سکور پر عادل رشید کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 
تیسری وکٹ کے لیے فخر زمان اور عثمان خان کے درمیان مختصر مگر جارحانہ پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
پاکستان کو تیسرا نقصان فخر زمان کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو معین علی کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔

ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے پاس یہ سیریز تیاری کا آخری موقع تھا جس میں گرین شرٹس ناکام رہے (فوٹو: اے ایف پی)

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان بیٹنگ کرنے آئے لیکن اُن کی فارم اس میچ میں بھی بحال نہ ہو سکی اور وہ پہلی ہی گیند پر عادل رشید کا شکار بن گئے۔
انگلینڈ کو پانچویں کامیابی اعظم خان کی وکٹ کی صورت میں ملی جو مارک وُڈ کا تیز باؤنسر کھیلنے کی ناکام کوشش میں وکٹ کیپر جوز بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔
عثمان خان اپنی اننگز میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنانے کے بعد لیام لیونگسٹون کی گیند پر کرس جورڈن کے شاندار کیچ کی بدولت میدان چھوڑ گئے۔
لیام لیونگسٹون نے عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے ایک گیند بعد شاہین آفریدی کو صفر پر بولڈ کر دیا۔
انگلینڈ کو آٹھویں وکٹ افتخار احمد کی ملی جو 21 رنز بنا کر کرس جورڈن کا شکار بن گئے۔
پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جو 16 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی آخری وکٹ 157 رنز پر گری جب حارث رؤف دوسرا رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔
دی اوول سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 32 مرتبہ آمنے سامنے تھیں۔

اوپنر محمد رضوان 23 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

اس میچ سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے 31 ٹی20 میچوں میں 19 مرتبہ جیت انگلش لائنز اور 9 مرتبہ کامیابی گرین شرٹس نے حاصل کی جبکہ دو میچ بے نتیجہ رہے۔
اس میچ میں پاکستان نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے صائم ایوب اور عماد وسیم کی جگہ عثمان خان اور نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا۔
عماد وسیم کی انجری
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے عماد وسیم کے بارے میں پریس ریلیز جاری کی گئی کہ انہیں دائیں جانب کی پسلیوں میں تکلیف کے باعث آرام دیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کو مدِنظر رکھتے ہوئے عماد وسیم کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ نے اپنی پلیئنگ الیون میں رِیس ٹوپلی کی جگہ مارک وُڈ کو شامل کیا جبکہ کپتان جوز بٹلر فیملی مصروفیات کے بعد ٹیم میں واپس آئے۔

عثمان خان اپنی اننگز میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

آئندہ ماہ سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے پاس یہ سیریز تیاری کا آخری موقع تھا جس میں گرین شرٹس ناکام رہے۔
سیریز کے دو میچ بارش کی نذر ہوئے جبکہ دو میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان، بابر اعظم (کپتان)، عثمان خان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر اور نسیم شاہ شامل تھے۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں فِل سالٹ، جوز بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، وِل جیکس، جونی بیئرسٹو، ہیری بُروک، معین علی، لیام لیونگسٹون، کرس جورڈن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک وُڈ شامل تھے۔ 

شیئر: