سابق انڈین فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن گھر کی بالکنی سے گر کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 52 سالہ ڈیوڈ بینگلور میں واقع اپنے اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے گرے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
انڈین پولیس کے مطابق ’لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ یہ حادثہ تھا یا خودکشی۔‘
پولیس نے کہا کہ ’ان کے خاندان کے کسی بھی فرد نے کسی قسم کا کوئی شبہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ بظاہر یہ ایک حادثہ ہے، اس واقعے کا کوئی عینی شاہد بھی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خودکشی کا نوٹ ملا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
کرکٹ کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے، اجمل جامی کا کالمNode ID: 865306
-
ہم ٹی20 کرکٹ پر حکمرانی کرتے تھے لیکن ہم پیچھے رہ گئے: عماد وسیمNode ID: 866721
انڈین میڈیا کے مطابق گذشتہ ہفتے جانسن کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے بعد سینٹ فیلومینا کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔
ایک سینیئر پولیس اہلکار نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ جانسن اپنے شہر میں انسداد منشیات کے ایک مرکز میں بھی جا رہے تھے۔
قبل ازیں کرناٹک سٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ ڈیوڈ جانسن کے اہل خانہ اور دوست انہیں قریبی ہسپتال میں لے کر آئے تھے جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔