سعودی عرب کے 4 ریجنوں میں بارش اور تیز ہوا
’آج بدھ کو مکہ مکرمہ، باحہ، عسیر اور جازان میں بارش کے ساتھ تیز ہوا کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بدھ کو مکہ مکرمہ، باحہ، عسیر اور جازان میں بارش کے ساتھ تیز ہوا کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے اضم، بنی یزید، جذم، میسان، یلملم، طائف اور العرضیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ شام 8 بجے تک تیز ہوا چلے گی‘۔
’الباحہ شہر کے علاوہ العقیق، الحجرہ، المخواہ اور بلجرشی کے علاوہ قرب وجوار میں ہلکی بارش اور تیز ہوا ہوگی‘۔
عسیر کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’ابہا، خمیس مشیط، المجاردہ، رجال المع اور احد رفیدہ میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ علاقوں میں تیز ہوا کے باعث گرد اڑے گی جس سے حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے‘۔
’بحیرہ احمر میں شمالی اور شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 30 کلو میٹر تک ہوگی جبکہ ایک میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
’خلیج عربی کے سمندر میں جنوبی اور جنوب مشرقی ہوا چلے گی جس کی رفتار 38 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی جبکہ ڈیڑھ میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔