معروف انڈین موسیقار اے آر رحمان اور اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان 29 برس بعد علیحدگی
معروف انڈین موسیقار اے آر رحمان اور اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان 29 برس بعد علیحدگی
منگل 19 نومبر 2024 20:54
اے آر رحمان اور سائرہ بانو 1995 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے عالمی شہرت یافتہ موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو میں تقریباً تین دہائیوں بعد علیحدگی ہو گئی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق سائرہ بانو کے وکیل وندانا شاہ نے منگل کو جوڑے میں 29 برس بعد علیحدگی کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری کیا۔
واضح رہے کہ اے آر رحمان اور سائرہ بانو 1995 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ دونوں کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔
اے آر رحمان اور سائرہ بانو میں علیحدگی کا باضابطہ بیان جاری
وکیل وندانا شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کئی برسوں تک قائم رہنے والی شادی کے بعد سائرہ بانو کو شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ یہ فیصلہ دونوں کے باہمی تعلقات میں اہم جذباتی تناؤ کے بعد کیا گیا ہے۔‘
’ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا ہے کہ تناؤ اور مشکلات نے اُن کے درمیان وسیع خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت کسی فریق کے لیے ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔‘
بیان کے مطابق سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ ’میں نے یہ سخت فیصلہ تکلیف سے کیا ہے۔ میں اس مشکل وقت میں عوام سے رازداری کی درخواست کرتی ہوں کیونکہ اب میں اپنی زندگی کے اس مشکل وقت سے آگے بڑھنا چاہتی ہوں۔‘
ان کے بیٹے امین نے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر پوسٹ کی اور فالوورز اور مداحوں سے درخواست کی کہ ’وہ اُن کے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘ اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی ’ارینجڈ میرج‘ تھی
لیجنڈ موسیقار اے آر رحمان نے چند برس قبل کہا تھا کہ اُن کی سائرہ بانو سے ارینجڈ میرج‘ ہوئی تھی اور یہ شادی ان کی والدہ نے کروائی تھی۔
سیمی گریوال سے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’ان دنوں میں بہت مصروف تھا اور میرے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ میں خود جا کر لڑکی کو دیکھوں۔‘
انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ’اس وقت میری عمر 29 برس تھی اور میں نے اپنی والدہ سے درخواست کی آپ میرے لیے دُلہن تلاش کریں۔‘
اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ کی شادی 2022 میں ہوئی تھی اور اس موقعے پر انہوں نے فیملی کی گروپ فوٹو بھی شیئر کی تھی۔ 145 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی
انڈیا کے نامور موسیقار اے آر رحمان اب تک دو آسکر، دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔
وہ اب تک 145 سے زائد ہندی، انگریزی، تامل، تیلگو، ملیالم اور دیگر زبانوں کی فلموں کی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں جن میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘کے علاوہ ’تال‘ اور عامر خان کی ’لگان‘ اور ‘گجنی‘ جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔ امریکہ کے صدارتی الیکشن میں کملا ہیرس کی حمایت
معروف انڈین موسیقار اے آر رحمان نے امریکی کے حالیہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کملا ہیرس کی حمایت کے لیے 30 منٹ کی خصوصی پرفارمنس بھی ریکارڈ کرائی۔ وہ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے بین الاقوامی فنکار تھے۔