Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی لبنان میں واپس آنے والے افراد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ، دو زخمی

لبنان کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی حصّے میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنگ ​​بندی کے دوسرے دن مخصوص علاقوں میں واپسی کی کوشش کرنے والے افراد پر فائرنگ کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ اور فرانس کی ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے میں ابتدائی دو ماہ کی جنگ بندی شامل ہے۔
اس کے تحت حزب اللہ کے عسکریت پسند دریائے لیتانی کے شمال سے انخلا کریں گے جبکہ اسرائیلی فوج کو سرحد کی طرف واپس جانا ہوگا۔ بفر زون میں لبنانی فوجی اور اقوام متحدہ کے امن دستے گشت کریں گے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ سرحد کے قریب واقع مارکابا میں اسرائیلی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے سرحد کے قریب تین دیگر مقامات پر توپ خانے سے فائر کیا۔ فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرحد کے قریب شمالی اسرائیل میں ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک رپورٹر نے اسرائیلی ڈرونوں کی آواز سنی اور لبنانی جانب سے توپ خانے کے حملوں کی آوازیں سنائی دیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کئی مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں گاڑیوں کے ساتھ پہنچ رہے تھے۔‘
بیان کے مطابق فوجی اہلکاروں نے ان کی جانب گولیاں چلائیں۔ اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ فوج کو بتدریج واپس بلایا جائے گا۔
اسرائیل نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں واپس نہ جائیں جہاں فوجی تعینات ہیں اور کہا ہے کہ اگر حزب اللہ جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتی ہے تو وہ اس پر حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایک لبنانی فوجی اہلکار نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کے انخلاء کے بعد لبنانی فوجی آہستہ آہستہ جنوب میں تعینات ہوں گے۔
منگل کو اسرائیل نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی تھی جس سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازع کے خاتمے کا راستہ صاف ہو گیا ہے جس میں گذشتہ برس غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: