Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کا سب سے مہنگا اور لگژری سکول، سالانہ فیس کتنی؟

ابتدائی کلاسوں میں طلبہ کی تعداد صرف 16 رہے گی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
جیمز ایجوکیشنل گروپ نے دبئی میں جیمز ریسرچ اینڈ انوویشن سکول شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے مہنگا سکول سمجھا جاتا ہے۔ اس کی تعمیر پر 100 ملین  ڈالر (367 ملین درھم) لاگت آئی ہے۔ سکول کی سالانہ فیس 56 ہزار ڈالر (2 لاکھ درہم) ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گروپ کا کہنا ہے کہ  سکول دبئی میں ’تعلیمی حکمت عملی 2033‘ کے مقاصد کی عکاسی کرنے والے اہم اقدامات میں سے ایک ہے  جس کا مقصد اعلی معیار کے مثالی تعلیمی ماحول میں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
دبئی سپورٹس سٹی میں قائم ہونے والا سکول آئندہ اگست میں کھل جائے گا۔ سکول کا نظام تعلیم انگلش ہوگا جس میں اعلی ترین بین الاقوامی تدریسی معیار، جدید سہولیات و ٹیکنالوجی مہیا کی جائے گی جو طلبہ کو سیکھنے کا تجربہ فراہم کرے گا ۔
جیمز ویلنگٹن انٹرنیشنل سکول کی پرنسپل اور جیمز گروپ کی سینیئر نائب صدر برائے تعلیم ماریسا اکونور نے کہا کہ گروپ لگژری تعلیم میں ایک نیا معیار قائم کرنے، شاندار تعلیمی مواقع کے مرکز کے طور پر دبئی کی پوزیشن کو مضبوط بنانے اور دنیا بھر کے لگژری سکولوں سے ہٹ کر سیکھنے کا تجربہ فراہم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کررہا ہے۔
پرنسپل کا کہنا تھا کہ سکول اپنے پہلے سال میں کنڈر گارٹن سے چھٹی جماعت تک طلبہ کو داخلہ فراہم کرے گا اس کے بعد سالانہ بنیاد پر دیگر کلاسوں  کا اضافہ کیا جائے گا۔ ابتدائی کلاسوں میں طلبہ کی تعداد صرف 16 تک رہے گی جبکہ چھٹے سال تک 20 طلبہ سے زیادہ نہیں ہوگی۔
سکول کیمپس کو 47600 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے جس پر 367 ملین درھم  (100 ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
گروپ کا کہنا ہے کہ نیا سکول برطانوی نصاب پڑھاتا ہے اس کے علاوہ مستقبل کے موضوعات جیسے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، ای سپورٹس اور گیم ڈیزائن کو ابتدائی عمر سے ہی اکیڈمک میں جوڑ دیا گیا ہے۔
یہاں نصاب کے علاوہ جمناسٹک، تیراکی، تھیٹر، موسیقی، کلاسیکی اور جدید پرفارمنگ آرٹس میں طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جاتا ہے۔

 

 

شیئر: