Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط معلومات کی بھرمار، ’انڈین عوام کا سب سے بڑا دشمن میڈیا ہے‘

معروف یوٹیوبر اور مصنف نتیش راجپوت نے انڈین میڈیا پر تنقید کی (فوٹو: فیسبک)
انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران انڈیا کے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر من گھڑت خبروں اور جھوٹے دعوئوں کا طوفان برپا ہے۔
جمعرات کو انڈیا کے ٹی وی چینلز نے پاکستان کے مختلف شہروں کو فتح کرنے کی خبریں بھی نشر کیں۔
انڈیا کے نیوز ٹی وی کے بڑے نام جہاں غلط معلومات پھیلانے میں مصروف رہے وہیں کچھ صحافی اور یوٹیوبرز ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس مس انفارمیشن کی نہ صرف تردید کی بلکہ صارفین کو ایسے چینلز اور سوشل میڈیا ہینڈلز کو بائیکاٹ کرنے کی تجویز بھی دی۔
معروف انڈین یوٹیوبر دھرو راٹھی نے انڈین میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب بھی کیا۔

دھرو راٹھی نے گبر سنگھ نامی ایک ایکس اکاؤنٹ کی چند پوسٹیں شیئر کیں جن میں وہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے غلط خبریں رپورٹ کر رہے تھے۔ جس پر یوٹیوبر نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہے جو گودی میڈیا آپ کے ساتھ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس بے وقوف کو دیکھو، جیسے کوئی فلمی ہیرو ہو جو خود اپنی فوج کی قیادت کر کے کل رات فتح حاصل کر رہا تھا۔‘
دھروو راٹھی نے صارفین سے گزارش کی کہ وہ جھوٹ پھیلانے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔
معروف صحافی اور مصنف رویش کمار نے لکھا کہ ’جو ٹی وی چینلز آٹھ مئی کی کوریج کے ذریعے انڈیا کا ڈرامہ بنا رہے ہیں ان کے خلاف کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں ہوا۔‘
اسی طرح سے ایک صارف ’اموک‘ نے میجر گورو آریہ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈین میڈیا نے اپنی کوریج میں سرکس لگا رکھا ہے۔‘
ناروندر نے لکھا کہ ’زی ٹی وی نے رات کی تاریکی میں کراچی، آج تک نے لاہور اور ری پبلک نے نیویارک پر قبضہ کر لیا تھا پھر صبح اٹھ کر انہیں سب کچھ واپس کرنا پڑا۔‘
یوٹیوبر نتیش راجپوت نے تنقید کرتے ہوئے لکھا ’اگر ٹی وی چینل دکھائیں گے کہ باہر بارش ہو رہی ہے تو میں اپنی سن گلاسز ڈھونڈوں گا۔‘
معروف محقق اور پروفیسر اشوک سوین نے لکھا کہ ’انڈین میڈیا انڈیا کی عوم کا سب سے خطرناک دشمن ہے۔‘
معروف فلم سٹار سوناکسی سنہا نے انڈین میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں تو ان ٹی وی چینلز کی شعبدے بازی سے تھک گئی ہوں، ہمارے نیوز چینلز مذاق ہیں۔‘

اشیش سنگھ نے انڈین نیوز چینل آج تک کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اینکر کی جانب سے غلط خبریں نشر کرنے پر معافی مانگی۔
اسی طرح سے سوشل میڈیا پر ایک اور فیک نیوز بھی وائرل رہی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈیا نے پاکستانی جہاز مار گرائے ہیں اور کیپٹن قاسم علی شاہ اور کمانڈر چاہت فتح علی خان کو انڈین حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔

 
 

شیئر: