پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں تینوں وزرائے خارجہ نے خطے کی سلامتی اور روابط کے لیے تعاون کوانتہائی اہم قرار دیا ہے۔
اس ملاقات میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے آئندہ افغانستان چین پاکستان سہ فریقی مذاکرات کے چھٹے دور کی تیاریوں اور ایجنڈا پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں
-
سعودی ولی عہد کا شکریہ، ٹرمپ ’مین آف پیس‘ ہیں: شہباز شریفNode ID: 889900
وزیر خارجہ امیر متقی نے چین اور پاکستان کے ساتھ افغانستان کے سیاسی و اقتصادی تعلقات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ان شعبوں میں مزید پیش رفت ممکن ہوگی۔
چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات اور باہمی احترام کی بنیاد پر روابط کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر تینوں فریقین نے باہمی تجارت میں اضافے اور ٹرانزٹ سہولتوں کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزرائے خارجہ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) تعاون کو گہرا کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔
تینوں رہنماؤں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنے مشترکہ عزم پر زور دیا۔
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ کا 6 واں اجلاس جلد، باہمی طور پر مناسب تاریخ پر کابل میں منعقد ہوگا۔