سعودی عرب میں ذوالحجہ کی چاند نظر آگیا۔ بدھ 28 مئی یکم ذوالحجہ ہو گی جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات 5 جون 2025 کو ہوگا۔
سعودی عرب میں عیدالاضحی جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی۔
الاخباریہ کے مطابق تمیر رصدگاہ میں چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو یکم ذوالحجہ ہے۔
یاد رہے سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے منگل 27 مئی 29 ذو القعدہ کو ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
-
عازمین حج کو سعودی عرب میں حیاتیاتی تنوع سے متعلق آگاہیNode ID: 890206
متحدہ عرب امارات اورسلطنت عمان میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا۔ سرکاری اعلان کے مطابق بدھ 28 مئی یکم ذوالحجہ اور عیدالاضحی جمعہ 6 جون کو ہوگی۔
قبل ازیں ابوظبی بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ذو الحجہ کے ہلال کی تصویر جاری کی تھی۔
سبق کے مطابق نیا چاند منگل 27 مئی 2025ء کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 11 بجے خصوصی آلات اور دور بینوں سے دیکھا گیا۔
چاند، سورج سے 5.5 درجے کے فاصلے پر تھا اوراس کی عمر 5 گھنٹے اور 22 منٹ تھی جبکہ موسم میں کچھ گرد وغبار تھا۔
سعودی ماہر فلکیات محمد بن ردہ الثقفی کا کہنا تھا ’ذوالحجہ کے ہلال کی پیدائش منگل کو صبح 6 بج کر 3 منٹ پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’نیا چاند، سورج غروب ہونے کے تقریباً 40 منٹ بعد ڈوبے گا۔
پاکستان میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہو گی
پاکستان میں ذُوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، لہٰذا عیدالاضحیٰ 7 جون بروز سنیچر ہو گی۔
پاکستان میں ذُوالحجہ کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے منگل کی رات کو کیا۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ’منگل کو ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع ابرآلود تھا اور کہیں سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔‘
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ’یکم ذُوالحجہ جمعرات 29 مئی جبکہ عیدالاضحیٰ سنیچر 7 جون کو ہو گی۔‘