Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامِک بُک میں سونامی کی پیش گوئی، سیاح جاپان جانے سے ہچکچانے لگے

ہانگ کانگ کی ایک ٹریول ایجنسی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایسٹر میں جاپان کے لیے بکنگ کم ہوئیں (فوٹو: سی این این)
جاپان میں شائع ہونے والی ایک کامِک بُک میں رواں سال جولائی میں سونامی کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد سے سیا ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔
امریکی ٹیلی ویژن چینل سی این این کے مطابق جاپانی مصنف ریو تاتسکی کی اس کتاب کا نام ’دی فیوچر آئی سا‘ ہے۔ 2021 کے ایڈیشن میں انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ 5 جولائی 2025 کو جنوبی جاپان کے سمندر کی تہہ میں زلزلہ آئے گا اور سونامی کی صورتحال پید ہو گی۔
جاپان اور ہانگ کانگ کے ماہرین نفسیات نے سوشل میڈیا پر وارننگ جاری کی کہ سیاح جاپان سے دور رہیں۔
یہ کہانی ٹک ٹاک پر بھی گردش کر رہی ہے اور کچھ پوسٹرز میں لکھا ہے کہ اس مصنف کی مارچ 2011 میں جاپان میں زلزلے اور سونامی کی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی تھی۔
ہانگ کانگ کی ایک ٹریول ایجنسی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایسٹر کے موقع پر جاپان کے لیے بکنگ کم ہوئیں اور رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔
ہانگ کانگ کی ایک اور ٹریول ایجنسی کے مطابق اس پیش گوئی سے سیاحوں کی ترجیحات میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔
تاہم جاپان کے ایک ٹریول گروپ ’اِن سائیڈ ٹریول‘ سے منسلک جیمز مُنڈے نے کہا ہے کہ بکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بات سوشل میڈیا پر آئی لیکن برطانیہ اور آسٹریلیا سے جاپان آنے والے ہمارے سیاحوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ بلکہ ہمارے پاس اس موسم سرما میں معمول سے زیادہ سیاح آئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جاپان کے محل وقوع اور جیولوجیکل صورتحال کو دیکھا جائے تو یہاں زلزلہ آنا معمول کی بات ہے۔ اور جاپان میں اس صورتحال سے نمٹنے کے کافی انتظامات ہیں۔‘
جاپانی اخبار مائینچی شمبن نے لکھا کہ 70 سالہ مصنف نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بات کو اعصاب پر سوار نہ کریں اور ماہرین کی رائے پر عمل کریں۔
جاپان کے ڈیزاسٹر پریوینشن ڈویژن نے کہا ہے کہ اس بات کی پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ زلزلہ کب اور کہاں آئے گا، یہ کہیں بھی اور کسی بھی وقت آ سکتا ہے۔

 

شیئر: