جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے مقابلوں میں جیولن تھرو کا فائنل جاری ہے جس میں پاکستان کے ایتھلیٹس ارشد ندیم اور محمد یاسر حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان کے سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم 85.57 میٹر کی تیسری تھرو کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔
ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں 75.64 جبکہ دوسری کوشش میں 76.80 میٹر کی تھرو پھینکی۔
دوسری جانب پاکستان کے محمد یاسر نے پہلی کوشش میں 70.53، دوسری کوشش میں 75.39 جبکہ تیسری کوشش میں 75.50 میٹر کی تھرو کی۔
مزید پڑھیں
جمعے کو ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم نے اپنی پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔
جبکہ انڈین کھلاڑی یش ویر سنگھ نے پہلی باری میں 76.67 میٹر کی تھرو کی۔
ارشد ندیم کے علاوہ پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والے محمد یاسر نے بھی جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں حصہ لیا۔
اس مقابلے سے قبل ارشد ندیم نے ایک پیغام میں اپنی کامیابی کے لیے قوم سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ پیرس اولمپکس کے بعد میرا پہلا مقابلہ ہے۔ برائے کرم دعا کریں کہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لوں۔‘
’میرے لیے دعا کریں کہ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے میڈل جیت سکوں۔‘
خیال رہے کہ ارشد ندیم نے گذشتہ برس پیرس اولمپکس میں طویل ترین جیولن تھرو کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ارشد ندیم کی فتح اس لیے بھی زیادہ متاثر کن ہے کیونکہ وہ پنجاب کے ایک گاؤں میں کچے اینٹوں کے مکان میں پیدا ہوئے اور وہیں ان کی پرورش ہوئی۔ انہوں نے خود سے تیار کیے جیولن سے گندم کے کھیتوں میں تربیت حاصل کی۔
ان کی اس کامیابی پر انہیں پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔