Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کا روس پر ڈرونز سے بڑا حملہ، بمبار طیارے تباہ کر دیے

سکیورٹی اہلکار کا کہنا تھا کہ ایک ساتھ چار روسی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ (فوٹو: روئٹرز)
ایک یوکرینی سکیورٹی اہلکار کے مطابق یوکرین نے اتوار کو روس کے فوجی طیاروں پر ایک بہت بڑا حملہ کیا ہے جس میں 40 طیارے نشانہ بنے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگر اس حملے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ جنگ میں یوکرین کا اب تک کا سب سے مہلک ڈرون حملہ ہو گا اور اس سے روس کو کافی دھچکا لگے گا۔
سکیورٹی اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ حملے ایس بی یو کی اندرون ملک کام کرنے والی خفیہ ایجنسی نے کیے ہیں اور انہوں نے اتوار کو ایک ساتھ چار روسی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’40 سے زائد طیاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں ٹی یو-95 اور ٹی یو-22 جیسے بمبار طیارے بھی شامل ہیں جو روس یوکرین پر لانگ رینج میزائل فائر کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔‘
تاہم روئٹرز ابھی تک ان دعووں کی تصدیق نہیں کر سکا۔

اگر اس حملے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ جنگ میں یوکرین کا اب تک کا سب سے مہلک ڈرون حملہ ہو گا۔ (فوٹو: روئٹرز)

اس ذریعے نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں حملے کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں کئی بڑے طیاروں کو دکھایا گیا، جن میں سے کچھ ٹی یو-95 بمبار طیارے بھی تھے، جنہیں آگ لگی ہوئی تھی۔
یوکرین، جس کے پاس روس جتنا میزائلوں کا ذخیرہ نہیں ہے، نے مسلح ڈرونز کا ایک بہت بڑا بیڑا بنایا ہوا ہے جن کے ذریعے وہ روس کی فوجی اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے۔
روس نے پیر کو استنبول میں مذاکرات کے نئے دور کی تجویز پیش کی ہے جسے یوکرین نے قبول کر لیا ہے۔

شیئر: