کراچی میں موٹرسائیکل سوار نوجوان پر تشدد، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم گرفتار
کراچی میں موٹرسائیکل سوار نوجوان پر تشدد، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم گرفتار
پیر 2 جون 2025 15:23
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند افراد نے ایک نوجوان کی موٹر سائیکل کو روکا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز 6 میں نوجوان شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سلمان فاروقی سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تشدد کا واقعہ اتوار یکم جون کی شام اتحاد کمرشل ایریا میں پیش آیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند افراد ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روکتے ہیں، اسے زبردستی گاڑی میں بٹھا کر تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ ویڈیو میں ایک خاتون کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو مسلسل رحم کی اپیل کرتی نظر آتی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے اردو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعے میں ملوث دیگر افراد کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے ایک عینی شاہد کی مدعیت میں گزری تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی اور موبائل فوٹیجز کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس
اس سے قبل سندھ کے وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کی تھی۔ ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، واقعے کی مکمل چھان بین کر کے تمام ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ قانون تمام شہریوں کے لیے برابر ہے، کسی بھی بااثر فرد کو استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔
پس منظر اور عوامی ردعمل
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند افراد نے ایک نوجوان کی موٹر سائیکل کو روکا، اس سے تلخ کلامی ہوئی اور بعدازاں اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے فوری بعد وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور پولیس سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے ایک عینی شاہد کی مدعیت میں گزری تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے واضح کیا ہے کہ پولیس مکمل غیر جانبداری سے تفتیش کرے گی، اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
شہریوں کا سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ
سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر شہریوں کی بڑی تعداد نے واقعے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ محض گرفتاریاں کافی نہیں بلکہ ایسے واقعات میں ملوث بااثر افراد کو مثالی سزائیں دی جائیں تاکہ مستقبل میں کوئی شخص خود کو قانون سے بالاتر نہ سمجھے۔