موسم الرٹ: ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی اور بعض مقامات پر بارش کا امکان
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ (فوٹو: فیس بک)
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 2 سے 7 جون تک کے لیے موسم سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق پنجاب کے پوٹھوہار ریجن، جنوبی اور شمال مشرقی اضلاع جیسے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور لاہور میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور کرم میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان (گلگت، سکردو، ہنزہ) اور آزاد جموں و کشمیر (مظفرآباد، میرپور) میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے علاقوں جیسے کوئٹہ، تربت، گوادر، خضدار اور ژوب میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ طوفان یا شدید بارش کے دوران احتیاط برتیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
عوام کو تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران کمزور تعمیرات، درختوں اور بل بورڈز کے قریب جانے سے بھی اجتناب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔